0
Friday 9 Apr 2021 19:30

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رول بیک نہیں ہوگا اور مکمل اختیارات کے ساتھ بہت جلد فعال ہوگا، شاہ محمود قریشی 

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رول بیک نہیں ہوگا اور مکمل اختیارات کے ساتھ بہت جلد فعال ہوگا، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے، دوتہائی اکثریت نہ ہونے کی بدولت فوری طور پر صوبے کا قیام ممکن نہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں بہاولپور اور ملتان میں سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لا کر جنوبی پنجاب صوبے کی سیڑھی رکھ دی ہے جو مستقبل میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی بنیاد ثابت ہوگا۔ پی پی، ن لیگ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لئے مخلص نہیں، اگر دونوں جماعتیں چاہتیں تو اپنے دور اقتدار میں صوبہ بنا سکتی تھیں۔ لیکن وہ صوبہ تو درکنار سیکرٹریٹ بھی قائم نہ کر سکے، تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کا صحیح طرح ادراک ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دیا ہے۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر تحریک انصاف خواتین ونگ جنوبی پنجاب کی جنرل سیکرٹری قربان فاطمہ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کچھ عناصر سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ برداشت نہیں ہو رہا اور اس کے خلاف سازش کی گئی۔ جنوبی پنجاب کے وفاقی و صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی بروقت نشاندہی پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے خلاف جاری ہونے والا نوٹیفکیشن واپس لیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ رول بیک نہیں ہوگا اور مکمل اختیارات کے ساتھ بہت جلد فعال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تمام محکموں کے سیکرٹریز مکمل اختیارات کے ساتھ بیٹھیں گے اس حوالے سے ایک وزارتی کمیٹی بھی قائم کی گئی جو رولز آف بزنس میں ترمیم کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فعال کرنے کیلئے جلد ہی اپنی سفارشات پیش کریگی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو جلد از جلد فعال کرنے کیلئے کام جاری ہے، سیکرٹریٹ کے قیام سے نہ صرف جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیاں دور ہوں گی بلکہ خطے کی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پی ٹی آئی رہنما قربان فاطمہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے فعال کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار کے سامنے بھرپور مقدمہ لڑنے پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خراج تحسین پیش کیا اور سیکرٹریٹ کے اختیارات کی بحالی پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما میاں فاروق و خواتین ونگ کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 926219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش