0
Friday 9 Apr 2021 21:28

پیپلز پارٹی وفد کی ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں سے ملاقات، این اے 249 میں حمایت کی درخواست

پیپلز پارٹی وفد کی ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں سے ملاقات، این اے 249 میں حمایت کی درخواست
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر سید وقار مہدی کی قیادت میں پی پی وفد نے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی دفتر میں ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کی۔ پی پی وفد میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری اور این اے 249 سے پی پی امیدوار قادر خان مندوخیل بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری، این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، میر تقی ظفر سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران موجودہ ملکی مسائل، کراچی کی ترقی سمیت این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ پی پی وفد نے ملاقات کے دوران ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں سے این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں پی پی امیدوار قادر خان مندوخیل کی حمایت کرنے کی درخواست کی۔

بعد از ملاقات پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار علامہ مبشر حسن نے کہا کہ ماضی میں اس حلقے سے پی ٹی آئی کی حمایت کی تھی، این اے 249 گذشتہ اڑھائی سالوں سے اس حلقے میں بنیادی کام نہیں ہوئے، حلقے کے عوام کے انصاف کے ساتھ ناانصافی ہوئی، حلقے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، حلقے میں سڑکوں، سوریج اور تعلیمی حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا، این اے 249 سے انتخاب جیتنے کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا بعد میں نظر بھی نہیں آئے۔

علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہم سے حمایت کی درخواست کی ہے، جسے پولیٹیکل کونسل میں رکھیں گے، این اے 249 کراچی کا مضافاتی علاقہ ہے، جو بہت زیادہ نظرانداز ہوا ہے، عوام کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، مزدور طبقہ اس علاقے میں بستا ہے، علاقے کے تمام مسائل پیپلز پارٹی رہنماؤں کے سامنے رکھے ہیں، دونوں جماعتیں متفق ہیں کہ این اے 249 کے لوگ بہت زیادہ متاثر ہیں، عوام کے مطالبات پورے ہونے چاہیئے، اس حلقے میں پانی، سیوریج سمیت دیگر مسائل ہیں، جو بھی نمائندہ منتخب ہو، وہاں وہی رہے، پیرا شوٹر کی طرح غائب نہ ہو جائے، امید کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی الیکشن سے بالاتر ہوکر توجہ دے گی۔

پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کو حلقہ این اے 249 میں مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں، ہم نے ایم ڈبلیو ایم سے ضمنی انتخاب میں قادر خان مندوخیل کی حمایت کرنے کی درخواست کی ہے، امید ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پی پی امیدوار کی حمایت کرے گی، این اے 249 میں امیدوار کا فنڈ ترقیاتی کاموں میں لگتا نظر نہیں آیا، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے حلقہ میں کافی ترقیاتی کام کروائے گئے، ان شاء اللہ ضمنی انتخابات حلقہ این اے 249 میں پاکستان پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی، پی پی پی کورٹ آف کنڈکٹ کے تحت حلقے میں انتخابی تحریک چلا رہے ہیں، فیصل واوڈا کروڑوں روپے کے فنڈز کہاں لے گئے، فیصل واوڈا کا احتساب کیا جائے، پی ڈی ایم الیکشن الائنس نہیں، این اے 249 کا ضمنی انتخاب لڑیں گے۔

وقار مہدی کا کہنا تھا کہ حلقے میں پی پی پی کے امیدوار کی پوزیشن اچھی ہے، سندھ حکومت خصوصی فنڈز سے پانی سمیت دیگر منصوبوں پر کام کر رہی ہے، پیپلز پارٹی کو ضمنی انتخاب میں بہتر عوامی رسپانس ملا ہے، سیاسی مخالفین کی کرسیاں خالی نظر آتی ہیں، کراچی کو بلاول بھٹو زرداری خود اون کرتے ہیں، این اے 249 کا ضمنی انتخاب ٹرننگ پوائنٹ ہوگا۔ این اے 249 سے پی پی امیدوار قادر خان مندوخیل نے کہا کہ انتخابی مہم میں قواعد کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، این اے 249 میں سندھ کا کوئی وزیر نہیں گیا، فیصل واوڈا سے حساب لیا جائے گا کہ لوگوں کا حق کیوں کھایا گیا، بہت ساری ویڈیوز ہمارے پاس موجود ہیں کہ وفاقی وزراء الیکشن ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 926240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش