0
Friday 9 Apr 2021 23:49

29 سے زائد ہم خیال ارکان پارلیمنٹ، رہنماؤں کا جہانگیر ترین کیساتھ کھڑے ہونے کا اعلان

29 سے زائد ہم خیال ارکان پارلیمنٹ، رہنماؤں کا جہانگیر ترین کیساتھ کھڑے ہونے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ چینی سٹہ مافیا اور جے ڈی ڈبلیو کیس میں تحقیقاتی ادارے کی تفتیش کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین نے پارٹی کے ہم خیال رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں 29 سے زائد ارکان پارلیمنٹ اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے آج پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں ایک بڑا عشائیہ دیا، جس میں شریک رہنماؤں نے جہانگیر ترین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، شرکاء نے اعلان کیا کہ وہ جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے ہیں، جہانگیر ترین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عشایئے میں شریک رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کو مسلسل غلط معلومات فراہم کیے جانے پر اظہار افسوس کیا۔ رہنماؤں نے عشایئے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ذاتیات پر مبنی انتقامی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں، پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کی دل آزاری ہو رہی ہے، نان الیکٹڈ لوگوں کی وجہ سے معاملات بگڑ رہے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ وہ پارٹی کے اندر کوئی فاروڈ گروپ نہیں بنا رہے ہیں، نہ ہی کوئی پریشر گروپ بنا رہے ہیں، ہم پارٹی کے اندر رہتے ہوئے انصاف کے لیے جدوجہد کریں گے، پارٹی میں ہیں اور اسی پلیٹ فارم سے قیادت سے مطالبہ کریں گے۔ جہانگیر ترین کا بھی کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف میں ہیں، عشایئے سے متعلق انھوں نے کہا کہ دوستوں سے ملاقات اور کھانا چلتا رہتا ہے۔ جہانگیر ترین کی جانب سے دیئے گئے عشایئے میں متعدد ایم پی ایز اور ایم این ایز نے شرکت کی، پنجاب کے 2 وزراء شریک ہوئے، 5 مشیر و معاونین وزیراعلیٰ پنجاب بھی شریک ہوئے، جن میں نعمان لغاری، اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، امیر محمد خان، رفاقت علی خان، فیصل جبوانہ شامل ہیں۔ عشایئے میں شریک ارکان قومی اسمبلی کی تعداد 8 اور ارکان پنجاب اسمبلی کی تعداد 21 رہی۔

ارکان قومی اسمبلی میں راجہ ریاض، سمیع گیلانی، ریاض مزاری، خواجہ شیراز، مبین عالم، جاوید وڑائچ، غلام لالی، غلام بی بی بھروانہ شامل تھے۔ ایم پی ایز میں خرم لغاری، مہر اسلم بھروانہ، نذیر چوہان، آصف مجید، عون چوہدری، بلال وڑائچ، عمر آفتاب ڈھلوں، طاہر رندھاوا، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، امین چوہدری، افتخار گوندل، غلام رسول، سمن نعیم، سجاد وڑائچ شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 926268
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش