0
Saturday 10 Apr 2021 11:19

پاکستان اور ایران اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، پیر معصوم نقوی

پاکستان اور ایران اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، پیر معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ، قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت مسلمانوں کا سرمایہ اور ختم نبوت اساسی عقیدہ ہے۔ محبت اہل بیت ؑکے بغیر مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان اور ایران اسلام کے مضبوط قلعے ہیں اور دو بڑے اسلامی مکاتب فکر کی اکثریت کے نمائندہ ممالک ہیں۔ اسلام کی سربلندی کے لئے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔ ہمارے دکھ درد اور اسلامی اقدار مشترک ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا ازواج مطہرات رضوان اللہ علیہم کی حرمت اور مقدسات اہل سنت کے احترام کے حوالے سے فتویٰ اتحاد بین المسلمین کے لئے زمین ہموار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی قوت سے خائف استعماری قوتیں چند نادان دوستوں اور کچھ خریدے گئے شرپسند افراد کے ذریعے مسلمان فرقوں کے باہمی اختلافات کو ہوا دیتی ہیں، جس سے عوام نے ہمیشہ اظہار لاتعلقی کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران آغا جعفر روناس سے ملاقات میں کیا اور انہیں لاہور تعیناتی پر خوش آمدید کہا۔ اس ملاقات میں دیگر اکابرین اہلسنت میں جے یو پی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد حسین چشتی، پیر سید علی رضا گیلانی ،پیر اختر رسول قادری، مفتی عاشق حسین بخاری، پیر میاں شہباز قادری، پیر امیر سلطان، ملک محمد شہباز قادری، علامہ اصغر عارف چشتی، آکاش منور یوسفی، علامہ شبیر قادری، اور دیگر بھی شامل تھے۔

ملاقات میں شبیر شگری بھی موجود تھے۔ اکابرین اہل سنت نے ایرانی حکومت کی عالمی سطح پر اتحاد امت کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے یاد دہانی کروائی کہ خانہ فرہنگ ایران میں عید میلاد النبی کے پروگرام سالہا سال سے منعقد ہوتے چلے آرہے ہیں۔ انہیں دوبارہ شروع کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ محبت سے سرشار عید میلادالنبی کے پروگراموں سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کو ایک پلیٹ فارم پر مل بیٹھنے کا موقع ملے گا اور اتحاد بین المسلمین فروغ پائے گا۔
خبر کا کوڈ : 926347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش