0
Saturday 10 Apr 2021 23:47

گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلگت بلتستان بری طرح متاثر ہو رہا ہے، خالد خورشید

گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلگت بلتستان بری طرح متاثر ہو رہا ہے، خالد خورشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جی بی میں قدرتی آفات، امدادی سرگرمیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی میں قدرتی آفات کا ہمیشہ خطرہ رہتا ہے۔ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے بھی یہ علاقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ برف باری، بارشوں اور گلیشیرز کے پگھلنے کی وجہ سے ہمیشہ خطرات لاحق رہتے ہیں۔ ششپر گلیشیر بھی ایک چیلنج بنا ہوا ہے اس گلیشیر کی وجہ سے آبادی کو خطرہ لاحق ہے۔ گلگت بلتستان کا جغرافیہ دیگر صوبوں سے بالکل مختلف ہے۔ جی بی کی آبادی دور دراز علاقوں میں پھیلی ہوئی ہے۔ ان مشکل اور دور دراز علاقوں میں قدرتی آفات کی صورت میں بروقت اقدامات کرنا انتہائی دشوار گزار ہوتا ہے۔

خالد خورشید نے کہا کہ مشکل اور دور دراز علاقوں میں آبادی کے ہونے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے اور ان کی مرمت پر زیادہ وسائل درکار ہوتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے مشکل جغرافیے کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی قدرتی آفت میں بروقت ریسیکیو اور ریلیف کیلئے ایک کویک رسپانس ٹیم (Quick Response Team) تیار کی جارہی ہے جو شاہراہوں اور ہائی الیٹچوٹ پر بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد کیلئے دستیاب ہوگی۔ جس کی تربیت اور وسائل کیلئے این ڈی ایم اے کا خصوصی تعاون درکار ہے۔ ششپر گلیشیر سے محفوظ طریقے سے پانی کے اخراج کیلئے این ڈی ایم اے گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کیساتھ مل کر حکمت عملی بنائیں تاکہ آبادی کو خطرہ نہ ہو۔ مستقبل میں بھی ششپر گلیشیئر سے محفوظ طریقے سے پانی کے اخراج کیلئے این ڈی ایم اے کے تعاون سے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
 
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی قدرتی آفات کی زد میں ہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ علاقہ خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔ بہترین حکمت عملی اور پلاننگ کی وجہ سے قدرتی آفات کی صورت میں بڑی حد تک ان آفات سے نمٹا جا سکتا ہے۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ (GBDMA) کی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اقدامات اور پالیسی تسلی بخش ہے، جس کو مزید بہتر بنانے کیلئے این ڈی ایم اے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ششپر گلیشیر سے آبادی کو نقصان پہنچائے بغیر پانی کے اخراج کیلئے بھی ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ گلاف کے تحت مستقبل میں اس قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خصوصی سٹڈی کرائی جائے گی۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے نمٹنے اور قدرتی آفات کے نقصانات سے بچاؤ کیلئے حکومت گلگت  بلتستان اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیساتھ ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گے۔ کویک رسپانس ٹیم (Quick Response Team) کی تربیت اور وسائل کے حوالے سے بھی این ڈی ایم اے اپنا کردار ادا کرے گا۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تعاون سے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے خصوصی پلان تیار کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 926491
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش