0
Sunday 11 Apr 2021 10:47

پاکستانی نژاد امریکی تاجر سی آئی اے کا اثاثہ تھے، وال اسٹریٹ جرنل

پاکستانی نژاد امریکی تاجر سی آئی اے کا اثاثہ تھے، وال اسٹریٹ جرنل
اسلام ٹائمز۔ وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ غیرملکی حکومتوں کے لیے کام کرنے کے الزام میں 12 سال کی سزا پانے والے پاکستانی نژاد امریکی عماد زبیری واشنگٹن حکومت کے لیے 10 سال سے زائد عرصہ تک انٹیلی جنس کا کام کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق 50 سالہ عماد زبیری کو ٹیکس چوری، غیر ملکی اثرورسوخ کی نشاندہی اور مالیاتی مہم کی خلاف ورزیوں کے الزام میں 12 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا کہ اس کیس کا ایک اور اہم پہلو ہے کہ یہ امریکی تاجر طویل عرصے سے امریکی انٹلی جنس اثاثہ تھا جس نے خفیہ طور پر عدالت کی فائلنگ اور سماعت میں کردار ادا کیا۔ وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا کہ وہ ان دستاویزات کا جائزہ لے چکا ہے جس میں امریکی خفیہ ایجنسیوں سے عماد زبیری کے رابطے تھے۔ سزا سے پہلے عماد زبیری شاہانہ طرز زندگی گزارتے تھے اور براک اوباما، ہلیری کلنٹن، ڈونلڈ ٹرمپ، جوبائیڈن اور کملا ہیریس جیسے امریکی رہنماؤں کے لیے وسیع پیمانے پر فنڈ جمع کیے تھے۔ انہوں نے امریکی کانگریس کے سینئر ریپبلکن اور ڈیموکریٹک ممبروں کے لیے فنڈ ریزنگ ڈنر کا بھی اہتمام کیا تھا۔

اکتوبر 2019ء میں امریکی محکمہ انصاف نے ان کے خلاف فوجداری الزامات دائر کیے اور اس کے فورا بعد ہی انہوں نے الزامات کا اعتراف کر لیا۔ اب ان کے وکیل سزا کو چیلنج کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ سوالات پیدا ہو سکتے ہیں کہ فوجداری الزامات کے خلاف مدعا علیہ کے انٹلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ کتنا تعلق قائم تھا۔ان کے وکیل ڈیوڈ وارننگٹن نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ جیسا کہ عوامی دستاویز سے اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی سلامتی کے معاملات اس کیس کا حصہ بن چکے ہیں اور بالآخر اسی بنیاد پر اپیل ہو سکتی ہے۔دوسرے قانونی ماہرین نے بھی اخبار کو بتایا کہ حکومت کے ساتھ تعاون اگر ثابت ہوا تو ان کی سزا کو کم کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ انصاف کے استغاثہ نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ وال اسٹریٹ جرننل کے مطابق عماد زبیری کو اپنے دفاع میں سی آئی اے کے دو سابق عہدیداروں کی مدد حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی آئی اے کے سابق وکیل رابرٹ ایٹینجر ان کی دفاعی ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں جبکہ سی آئی اے کے سابق عہدیدار جوس روڈریگو نے جج کو مہر بند حلف نامہ میں کیس میں معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 926532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش