QR CodeQR Code

معاویہ اعظم نے بھی سعد رضوی کی حمایت کر دی، رہائی کا مطالبہ

13 Apr 2021 10:20

رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ میں سعد رضوی کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں اور انہیں رہا کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں اور فرانس کے سفیر کو بھی فوری نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعد رضوی کی رہائی کیلئے نکلنے والے کارکن بھی پُرامن رہیں، توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراو نہ کریں۔ اس سے اغیار کوفائدہ ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ کالعدم سپاہ صحابہ کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی معاویہ اعظم طارق بھی حافظ سعد رضوی کی حمایت میں میدان میں آ گئے اور انہیں فوری رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ معاویہ اعظم نے کہا کہ نواز شریف کا دور حکومت تھا، شیخ رشید اپوزیشن میں تھے، اسمبلی میں حرمت رسول(ص) کی بات آئی تو شیخ رشید نے کہا کہاں ہیں عطاء اللہ شاہ بخاری کے ماننے والے، آج حضور کی عزت کی بات آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت بدل گیا، شیخ رشید وزیر داخلہ بن گئے، شیخ رشید کو بتانا چاہتے ہیں عطاء اللہ شاہ بخاری کے ماننے والے سعد رضوی سڑکوں پر ہیں، آپ کہاں ہیں؟ انہوں نے سوال کیا کہ ریاست مدینہ میں تاجدارمدینہ کا نعرے لگانا جرم ہے؟ عمران خان صاحب اقوام متحدہ میں جس نبی(ص) کی حرمت کیلئے آپ نے تقریر کی تھی سعد رضوی اسی نبی(ص) کی محبت میں کہہ رہا ہے کہ فرانس کے سفیر کو نکال دیں۔
 
انہوں نے کہا کہ حکمران کہتے ہیں فرانس کے سفیر کو نکالیں تو یورپ کے تمام سفیر نکل جائیں گے، فرانس نے گستاخی کی، اس کا سفیر نکالیں تو تمام لوگ اس گستاخ ملک کے سفیر کیساتھ نکلنے کیلئے تیار ہیں، تو ہماری غیرت ایمانی پر سوال ہے کہ ہمارے نبی کے گستاخ متحد ہیں اور نبی کے چاہنے والے منتشر ہیں، ہماری ہی حکومت نبی (ص) کے چاہنے والوں کی گرفتاریوں میں لگی ہوئی ہے۔ معاویہ اعظم کا کہنا تھا کہ ہم مسالک اور جماعتوں کی تقسیم میں ہیں۔ ہم اپوزیشن میں ہوں تو حرمت رسول(ص) یاد آتی ہے، حکومت میں ہوں تو مصلحت کا شکار ہو جاتے ہیں، الیکشن میں حرمت رسول کے نعرے لگا کر ووٹر کو متاثر کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سعد رضوی کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں اور انہیں رہا کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں اور فرانس کے سفیر کو بھی فوری نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعد رضوی کی رہائی کیلئے نکلنے والے کارکن بھی پُرامن رہیں، توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراو نہ کریں۔ اس سے اغیار کو فائدہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 926894

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/926894/معاویہ-اعظم-نے-بھی-سعد-رضوی-کی-حمایت-کر-دی-رہائی-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org