0
Tuesday 13 Apr 2021 10:21
سعد رضوی کی گرفتاری

احتجاج کے سبب مختلف شہروں میں ٹریفک تاحال جام

لوگوں نے رات گاڑیوں میں سو کر گزاری
احتجاج کے سبب مختلف شہروں میں ٹریفک تاحال جام
اسلام ٹائمز۔ کراچی سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن، حب ریور روڈ، اسٹار گیٹ، بلدیہ ٹاؤن اور کورنگی ڈھائی نمبر میں بھی سڑکیں بند ہیں، کورنگی ڈھائی سے تین نمبر جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق  بلاک راستوں کے مقامات سے متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں اور شہر کے بیشتر مقامات پر ٹریفک معمول کے مطابق ہے جب کہ شارع فیصل اسٹارگیٹ پر دونوں ٹریک پر ٹریفک بحال ہے،  ملیر سے  ائیرپورٹ آنے اور جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ ٹریفک پولیس کا بتانا ہے کہ حسن اسکوائر پل کے نیچے سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی اور  یونیورسٹی روڈ پر بھی ٹریفک بحال ہے جب کہ  ٹاور چوک پر سڑک کھول دی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں  شاہدرہ چوک اور  ٹھوکر نیاز بیگ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جب کہ بھٹہ چوک، شنگھائی فلائی اوور اور چوہنگ میں مراکہ کے مقام پر سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اس کے علاوہ ٹھوکر نیاز بیگ پر راستہ کلیئر ہونے کے باوجود گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور ٹریفک انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ گزشتہ روز شہر میں بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے ٹھوکر نیاز بیگ پر لوگوں نے رات گاڑیوں میں سو کر گزاری۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5 مقامات بند ہیں جن میں ڈھوکڑی چوک، راول ڈیم چوک، بارہ کہو روڈ، راوت کراس اور ترنول شامل ہیں۔ ملتان میں بہاولپور بائی پاس دوسرے روز بھی ٹریفک کے لیے بند ہے جس سے مسافر پریشان ہیں جب کہ خانیوال میں لاہور موڑ پر ٹریفک کل دوپہر 3 بجے سے بند ہے جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگی ہو گئی ہیں اور مسافر شدید پریشان ہیں۔
خبر کا کوڈ : 926895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش