QR CodeQR Code

وسیم رضوی کی درخواست کا سپریم کورٹ میں اخراج، آغا سید حسن کا خیرمقدم

13 Apr 2021 21:15

انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے کہا کہ اب جبکہ سپریم کورٹ نے درخواست کو مسترد کیا ہے مسلمانان ہند کے لئے یہ اطمینان بخش خبر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی نے عدالت عظمٰی میں وسیم رضوی کی قران پاک کے خلاف عرضی کو خارج کئے جانے اور اُس پر پچاس ہزار روپیہ جرمانہ عائد کئے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں آغا سید حسن نے کہا کہ وسیم رضوی کی طرف سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست پوری امت مسلمہ کے دینی جذبات اور قرآن مقدس کی ناقابل برداشت توہین تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سپریم کورٹ نے درخواست کو مسترد کیا ہے مسلمانان ہند کے لئے یہ اطمینان بخش خبر ہے۔

انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو ’دیر آید درست آید‘ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئند اگر کوئی شخص کسی مذہب یا عقیدے کے خلاف کوئی درخواست کسی بھی عدالت میں دائر کرے گا تو اس کو اولین فرصت میں ہی نہ صرف خارج کیا جانا چاہیئے بلکہ ایسے شخص کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جانی چاہیئے۔ آغا سید حسن نے اُن تمام علمائے دین، مفتیان، خطباء و ائمہ اور دینی تنظیموں، صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سازش کے پس پشت مقاصد سے خبردار کیا۔


خبر کا کوڈ: 926987

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/926987/وسیم-رضوی-کی-درخواست-کا-سپریم-کورٹ-میں-اخراج-ا-غا-سید-حسن-خیرمقدم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org