QR CodeQR Code

حکومت سے مسنگ پرسنز کی جلد از جلد بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں

کراچی میں شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے احتجاجی دھرنا بارہویں روز بھی جاری

16 اپریل کو جبری لاپتہ افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے محفل مشاعرہ کرایا جائے گا

13 Apr 2021 23:41

مزار قائد کے باہر شرکائے دھرنا سے خطاب میں علامہ ہاشم موسوی اور علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ گذشتہ بارہ روز میں شرکاء کی جانب سے درخت کے ایک پتے کو نقصان تک نہیں پہنچا، ہم شکر گزار ہیں ان تمام ملی جماعتوں کے جو روزانہ مسنگ پرسنز کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں آتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جوائنٹ ایکشن کیمٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کا احتجاجی دھرنا اب بھی جاری ہے۔ شرکائے دھرنے سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کے وفد کے ہمراہ دورے جاری ہیں۔ شرکاء دھرنا سے اظہار یکجہتی کے لئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور ہزارہ برادری کے نامور عالم دین علامہ سید ہاشم علی الموسوی کوئٹہ سے کراچی تشریف لائے اور شرکاء دھرنا سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مومنین آپ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئٹہ کے ہزارہ کمیونٹی پر کوئی مشکل وقت آیا تو کراچی کے عوام ان کی حمایت اور مدد میں صف اول میں نطر آئے، آج لاپتہ شیعہ عزاداروں کی بازیابی کے لئے دیئے جانے والے اس دھرنے کی مومنین کوئٹہ بھرپور حمایت کرتے ہیں، حکومت سے مسنگ پرسنز کی جلد از جلد بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے اگر مستقل دھرنوں کی کال دی تو کوئٹہ سمیت بلوچستان کی اہم شاہراوں پر منظم احتجاج کریں گے۔

شرکاء دھرنا سے خطاب میں علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ ماہ مبارک رمضان المبارک میں بھی احتجاج جاری رہے گا، ماہ صیام کے بابرکت ماہ میں عبادات دعا و مناجات اور درس قرآن کے روزانہ پروگرامات منعقد کئے جائیں گے، اس حوالے سے بعد از نماز مغربین مختلف علمائے کرام درس قرآن دیں گے، 16 اپریل کو جبری لاپتہ افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے محفل مشاعرہ کرایا جائے گا، جس میں عالمی شہرت یافتہ شعرائے کرام جبری لاپتہ افراد کے حوالے سے اپنا کلام پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزار قائد کے سامنے جبری گمشدہ افراد کے اہل خانہ سخت گرمی کے عالم میں دن و رات اپنے پیاروں کے انتظار میں اس احتجاجی دھرنے موجود ہیں، دھرنے میں شامل کئی سالوں سے جبری لاپتہ افراد کے چند اہل خانہ اپنے پیاروں کے انتظار میں مختلف امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں، گذشتہ بارہ روز میں شرکاء کی جانب سے درخت کے ایک پتے کو نقصان تک نہیں پہنچا، ہم شکر گزار ہیں ان تمام ملی جماعتوں کے، جو روزانہ مسنگ پرسنز کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں آتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 927036

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927036/کراچی-میں-شیعہ-مسنگ-پرسنز-کی-بازیابی-کیلئے-احتجاجی-دھرنا-بارہویں-روز-بھی-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org