QR CodeQR Code

حکومت ملک میں بڑھتے ہوئے گستاخانہ واقعات کا فوری نوٹس لے، صاحبزادہ ابوالخیرزبیر

14 Apr 2021 00:18

ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے امر جلیل کے خلاف کسی قسم کی قانونی کاروائی کیلئے تیار نہیں ہیں، جس سے عوام میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے، اللہ عزوجل کی شانِ مقدسہ میں امر جلیل کی بدترین گستاخی پر امت مسلمہ شدید اضطرابی کیفیت کا شکار ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے ملک میں اللہ رب العزت، پیغمبر اسلام اور شعائر اسلام کی گستاخی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ عزوجل کی شانِ مقدسہ میں امر جلیل کی بدترین گستاخی پر امت مسلمہ شدید غم و غصے اور اضطرابی کیفیت کا شکار ہے، گستاخ امر جلیل کی شان الوہیت میں بدترین گستاخی کے خلاف اہلیان پاکستان بالخصوص سندھ کے عوام سراپا احتجاج ہیں مگر افسوس حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے اس گستاخ امر جلیل کے خلاف کسی قسم کی قانونی کاروائی کیلئے تیار نہیں ہے۔ جس سے عوام میں سخت غم غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں آئے روز مقدسات اسلام کی توہین کرنا معمول بن چکا اور اب یہ سلسلہ خالقِ کائنات کی توہین تک جا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسلز سمیت کسی بھی مقام پر مکالموں اور آزادی اظہار رائے کی آڑ میں توہینِ مذہب کرنے والوں کو لگام ڈالی جائے۔

انھوں نے کہا کہ 72 سالوں میں اگر ایک بھی گستاخ کو عبرت ناک سزا دی گئی ہوتی تو یہ سلسلہ ختم ہو چکا ہوتا، پاکستان میں ایسے کسی بھی عمل کی سرکوبی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے فی الفور گستاخ امر جلیل کو گرفتار کر کے سخت ترین سزا دلوائیں، ورنہ معاشرے کے امن و امان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں توہین رسالت کا قانون موجود ہے اگر اس پر صحیح معنوں میں عمل کرلیا جائے تو کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ضرورت پیش نہ آئے۔


خبر کا کوڈ: 927046

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927046/حکومت-ملک-میں-بڑھتے-ہوئے-گستاخانہ-واقعات-کا-فوری-نوٹس-لے-صاحبزادہ-ابوالخیرزبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org