0
Wednesday 14 Apr 2021 20:03

لاہور میں 6 مقامات پر دھرنے جاری، ملتان روڈ پر موبائل فون سروس معطل

لاہور میں 6 مقامات پر دھرنے جاری، ملتان روڈ پر موبائل فون سروس معطل
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کیخلاف لاہور میں احتجاج کا سلسلہ آج تیسرے روز بھی جاری رہا۔ دن بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں، جبکہ پولیس کی کوششوں کے باوجود لاہور میں آخری اطلاعات تک چھ مقامات پر دھرنا جاری تھا۔ لاہور میں فیروز پور روڈ پر چونگی امر سدھو شنگھائی پل، بھٹہ چوک، داروغہ والا، یتیم خانہ چوک، سکیم موڑ اور سمن آباد موڑ پر احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین پولیس کے آنے پر منتشر ہو جاتے ہیں، لیکن پولیس کے واپس جاتے ہی دوبارہ سڑکیں بلاک کر دیتے ہیں۔ مظاہرین کی شہریوں کیساتھ بھی جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں متعدد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

شہر کے دیگر مقامات سے پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرکے مظاہرین کو ہٹا دیا ہے۔ دوسری پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آج رات رینجرز کیساتھ مل کر آپریشن کلین اپ کیا جائے گا جس میں تحریک لبیک کے شدت پسند کارکنوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ پولیس کی جانب سے ملتان روڈ پر تحریک لبیک کے مرکز اور گردو نواح  میں موبائل فون سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ موبائل فون سروس معطل ہونے سے عام شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر آج شیرا کوٹ پولیس نے تحریک لبیک کے 15 گرفتار کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا اور ان کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 927079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش