QR CodeQR Code

تحریک لبیک نے لاہور کو ’’مقبوضہ کشمیر‘‘ بنا دیا، اہم راستے بلاک رہے

14 Apr 2021 09:05

شاہدرہ موڑ اور فیروز پور روڈ پر شنگھائی پل میدان جنگ بنے رہے۔ شنگھائی پل پر پولیس کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور اہلکار اپنا حفاظتی سامان چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ تحریک لبیک پاکستان کے کارکن شاہدرہ موڑ پر پولیس پر پتھراؤ کرتے رہے جس سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کرلیا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور گزشتہ روز مکمل طور پر مشتعل کارکنوں کے حصار میں رہا۔ کارکنوں اور پولیس کے درمیان مختلف علاقوں میں چھڑپیں دن بھر جاری رہیں۔ شاہدرہ موڑ اور فیروز پور روڈ پر شنگھائی پل میدان جنگ بنے رہے۔ شنگھائی پل پر پولیس کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور اہلکار اپنا حفاظتی سامان چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ تحریک لبیک پاکستان کے کارکن شاہدرہ موڑ پر پولیس پر پتھراؤ کرتے رہے جس سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ کارکنوں نے پولیس پر شدید پتھراو کیا، پتھرائو کے باعث متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ پتھراؤ کے باعث ٹریفک کی روانی بھی بھی طرح متاثر رہی۔ جی ٹی روڈ، شیخوپورہ روڈ اور شرقپور روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ پولیس کی جانب سے شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے  مظاہرین کو منتشر کر دیا۔
 
ادھر شنگھائی بریج فیروزپور روڈ پر تحریک لبیک کے کارکنوں کے احتجاج کے باعث علاقہ میدان جنگ بنا رہا، ٹریفک کی روانی اور کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر رہیں۔ شنگھائی بریج پر تحریک لبیک کے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ روڈ خالی نہ کرنے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراو اور شیلنگ شروع ہو گئی۔ شیلنگ کے باعث مظاہرین شنگھائی روڈ اور کماہاں روڈ کی جانب سے نکل گئے۔ شیلنگ ختم ہونے کے بعد مظاہرین دوبارہ شنگھائی بریج پر واپس آگئے اور پولیس کو واپس جانا پڑا۔ مظاہرے کے باعث ٹریفک کی روانی بُری طرح متاثر رہی۔ کاروباری مراکز بھی شیلنگ اور پتھراو کے باعث بند رہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
 
سکیم موڑ پر بھی احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی، بابو صابو اور ٹھوکر جانیوالوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سکیم موڑ کو چھوٹے دو کنٹینر لگا کر ٹریفک کیلئے بلاک کیا گیا تھا۔ بھیکے وال اور ملحقہ علاقوں سے بابو صابو اور ٹھوکر جانیوالوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شہری روڈ کھلا ہونے کی امید لگائے سکیم موڑ تک پہنچے، مگر انہیں مایوس لوٹنا پڑا۔ شہریوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑا۔ شہر کی دیگر علاقوں کی طرح یتیم خانہ چوک میں بھی روڈز کو ٹریفک کیلئے بند ہونے سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، یتیم خانہ چوک جانیوالے راستے کو رکاوٹیں کھڑی کرکے سوڈیوال چوک سے بند کر دیا گیا۔ رستے بند ہونے سے ٹریفک ملتان روڈ سے ملحقہ گلیوں سے گزرتی رہی۔ تاہم رات گئے رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے بعد شہر کے تمام راستوں کو کلیئر کروا دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 927087

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927087/تحریک-لبیک-نے-لاہور-کو-مقبوضہ-کشمیر-بنا-دیا-اہم-راستے-بلاک-رہے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org