QR CodeQR Code

کورونا وبا، وسیع پیمانے پر سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ

14 Apr 2021 13:29

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر قسم کی سماجی اور ثقافتی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، ہر طرح کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، سینما، مزارات اور پبلک پارکس مکمل طور پر بند رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ این سی او سی نے ملک میں کورونا کی شدت میں اضافے کے باعث سخت ایس او پیز کے ساتھ وسیع لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور رمضان المبارک میں مذہبی و ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ ان فیصلوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ اجلاس کے فیصلہ کیا گیا کہ سخت ایس او پیز کے ساتھ وسیع لاک ڈاؤن لگایا جائے، لاک ڈاؤن کے دوران ایمرجنسی کےعلاوہ غیر ضروری نقل وحرکت پر پابندی ہوگی۔ وفاق کی اکائیاں اضلاع اور شہروں میں بیماری کا پھیلاؤ دیکھ کر اقدامات لے سکتی ہیں، وفاق کی اکائیاں چاہیں تو ایس او پیز کے حوالے سے مزید سخت اقدامات بھی کرسکتی ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران کورونا کے تدارک کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، کمیونٹی اور میڈیا کے ذریعے ماسک پہننے کی مہم چلائی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر قسم کی سماجی اور ثقافتی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، ہر طرح کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، سینما، مزارات اور پبلک پارکس مکمل طور پر بند رہیں گے۔ این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں ہر قسم، کے بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مال صبح سحری سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار کاروبار بند رہے گا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ملک بھر میں نماز تراویح کھلے مقامات پر ادا کی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 927140

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927140/کورونا-وبا-وسیع-پیمانے-پر-سخت-لاک-ڈاؤن-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org