QR CodeQR Code

ماہ رمضان خداوند عالم کی طرف سے رحمت اور نعمتِ عظیم ہے، حسن عسکری

14 Apr 2021 17:40

ڈویژنل دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی ایس او کراچی نے کہا کہ اسی ماہ جمعہ الوداع کو ہر سال کی طرح اس سال بھی یوم القدس بھرپور جذبے اور شعلہ ایمانی کے ساتھ منایا جائے گا، یوم القدس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر حسن عسکری نے کہا ہے کہ ماہ رمضان خداوند عالم کی طرف سے رحمت اور نعمتِ عظیم ہے اور یہ مہینہ تمام مہینوں سے افضل ہے، اس مہینے میں پروردگارِ عالم امت مسلمہ پر خاص کرم اور رحم کرتا ہے، ماہ رمضان المبارک میں ہم خدا کے مہمان ہوتے ہیں اور وہ ذاتِ رحیم ہمارا میزبان، ماہ رجب و شعبان میں مسلمان خود کو تیار کرتا ہے کیونکہ ماہ رمضان میں مسلمان خدا کا مہمان ہوتا ہے۔ ڈویژنل دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی ایس او کراچی نے کہا کہ ماہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ ساتھ اہم تاریخیں بھی رکھتا، شبِ قدر جیسی عظیم الشان رات جس میں امتِ محمدی کے لئے قرآن کریم جیسی نعمت نازل ہوئی، ان شبوں کو تمام راتوں سے زیادہ فضیلت حاصل ہے۔

حسن عسکری نے مزید کہا کہ شیر خدا، امیر المومنین، امام المتقین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی شہادت اور فرزند رسول امام حسن علیہ السلام کی ولادت بھی اسی ماہ میں آتی ہے، ہم کو چاہیئے کہ اس ماہ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرسکیں اور روزِ محشر میں اپنا سامان تیار کرسکیں، اسی ماہ کے آخری جمعے یعنی جمعہ الوداع کو ہر سال کی طرح  اس سال بھی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت یوم القدس بھرپور جذبے اور شعلہ ایمانی کے ساتھ منایا جائے گا، یوم القدس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 927202

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927202/ماہ-رمضان-خداوند-عالم-کی-طرف-سے-رحمت-اور-نعمت-عظیم-ہے-حسن-عسکری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org