QR CodeQR Code

20 رمضان تک تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیا جائیگا، خالد جاوید سنگھیڑا

15 Apr 2021 02:37

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایپکا رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء نے مذاکرات کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد ڈسپیریٹی الاونس کا نوٹیفیکیشن جاری کیا کہ چاروں صوبے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد ڈسپیریٹی الاونس کا اعلان کریں، لیکن افسوس کہ صوبائی حکومت پنجاب سمیت دیگر صوبے لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس، ایپکا رہنماوں نے 20 رمضان المبارک تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد ڈسپیریٹی الاونس کا اعلان نہ کئے جانے پر پنجاب اسمبلی کے سامنے غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، سرکاری ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دینے کے پیش نظر کھانے پینے کی اشیائے ضروریہ جمع کرلیں، کیونکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریب ملازمین کے لئے گھریلو اخراجات سمیت یوٹیلیٹی بلز پورے کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے، اسی لئے وفاقی حکومت کی ہدایت پر چاروں صوبوں کے ملازمین کی تنخواہوں میں فی الفور اضافہ کیا جائے، بصورت دیگر نتائج کی ذمہ دار حکومت پنجاب ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس/ایپکا کے قائدین چوہدری خالد جاوید سنگھیڑا، رانا اقبال نون، عابد فرید بزدار، رانا الطاف حسین، چوہدری مسعود گجر، اعجاز ارشد، رائے عارف، ملک غفار، ظفر علی شاہ، اشفاق انصاری، رانا محمد اکرم، محمد علی، مختیار راٹھور، قاسم بھٹہ، سید ارشاد نقوی و دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری خالد جاوید سنگھیڑا، رانا اقبال نون، رانا الطاف حسین نے مزید کہا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم میں شامل پرویز خٹک، شیخ رشید احمد، علی محمد خان سمیت دیگر وفاقی وزراء نے مذاکرات کے نتیجے میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد ڈسپیریٹی الانس کا نوٹیفیکیشن جاری کیا کہ چاروں صوبے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فی صد ڈسپیریٹی الاونس کا اعلان کریں، لیکن افسوس کہ صوبائی حکومت پنجاب سمیت دیگر صوبے لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں، جس کی وجہ سے گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس/ ایپکا کے قائدین و سرکاری ملازمین میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، سرکاری ملازمین کے مفاد کے سلسلے میں گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس/ ایپکا نے مشترکہ طور پر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ گرینڈ الائنس میں تمام تنظیمیں ایک پیج پر متفق اور متحد ہیں اور حکومت پنجاب پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فی الفور اضافے کا اعلان کریں، انہیں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور نہ کریں، دیگر نتائج کی ذمہ دار حکومت پنجاب ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 927269

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927269/20-رمضان-تک-تنخواہوں-میں-اضافہ-نہ-کیا-گیا-پنجاب-اسمبلی-کے-باہر-دھرنا-دیا-جائیگا-خالد-جاوید-سنگھیڑا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org