0
Thursday 15 Apr 2021 09:36

تحریک لبیک نے پابندی کا فیصلہ مسترد کر دیا

پابندی تحریک لبیک پر نہیں شیخ رشید کی زبان پر لگنی چاہیے، علامہ غلام غوث
تحریک لبیک نے پابندی کا فیصلہ مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شوریٰ ارکان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے تحریک لبیک پر پابندی کے بیان کو مسترد کر دیا۔ اجلاس کی صدارت نائب امیر سید ظہیر الحسن شاہ بخاری نے کی۔ اجلاس میں علامہ غلام غوث بغدادی، علامہ غلام عباس فیضی، علامہ فاروق الحسن سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد تحریک لبیک سندھ کے امیر علامہ غلام غوث بغدادی کا وضاحتی ویڈیو بیان جاری کیا گیا۔ ویڈیو بیان میں علامہ غلام غوث بغدادی نے کہا کہ ہم شیخ رشید کے تحریک لبیک پر پابندی کے بیان کو مسترد کرتے ہیں، پابندی تحریک لبیک پر نہیں شیخ رشید کی زبان پر لگنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان معاہدے پر 16 فروری تک عمل کیا جانا تھا۔ معاہدے پر عملدرآمد میں توسیع حکومت کی استدعا پر کی گئی۔ حکومت نے بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے اور اسے منظور کروانے کی یقین دہانی کروائی، مگر  اب حکومت اپنے ہی وعدے سے مکر رہی ہے، ہمیں شیخ رشید سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور جھوٹ پر مبنی باتوں کی توقع نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت(ص) کیلئے اپنی جان حاضر کرنے کے دعوے کرنیوالے وزیر داخلہ شیخ رشید پہلے اپنی وزارت سے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے کارکنوں کو براہ راست فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بل کا مسودہ تحریک لبیک نے نہیں حکومت نے تیار کرنا تھا، شیخ رشید غلط تاثر دے رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں یہ میڈیا وار ہے اور میڈیا حکومت کے قبضے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی گفتگو میں تضاد ہے، شیخ رشید کا معاہدہ برقرار رکھنے کا دعویٰ بھی غلط ہے، معاہدہ پورا ہونے سے پہلے ہی حکومت نے امیر تحریک لبیک کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید سابقہ حکومت میں کچھ اور باتیں کرتے تھے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، شیخ رشید کو سابقہ حکومت کے دور میں ہمارا دھرنا بہت پسند تھا،اب اسے غیر قانونی کہہ رہے ہیں، ہم نے فرانس کے سفیر کو نکالنے کا مطالبہ کیا تھا، شیخ رشید جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 927297
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش