0
Thursday 15 Apr 2021 12:24

حکومت ہر سال ساڑھے 5 ارب روپے کی 70 ہزار اسکالر شپس دے گی، عمران خان

حکومت ہر سال ساڑھے 5 ارب روپے کی 70 ہزار اسکالر شپس دے گی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے وفاقی حکومت ہر سال 5 ارب 50 کروڑ روپے 70 ہزار اسکالر شپس دینے کے لیے خرچ کرے گی، پاکستان میں کبھی اس سطح کی اسکالر شپس نہیں دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 5 سال کے عرصے میں حکومت اس پروگرام پر 28 ارب روپے خرچ کرے گی اور ساڑھے 3 لاکھ اسکالر شپس دے گی جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سالانہ تقریباً 15 ہزار اسکالر شپس دینے کے لیے ایک ارب روپے کی رقم خرچ کرے گی جسے 75 اور 72 ہزار تک بڑھایا جائے گا۔ اسلام آباد میں رحمتہ اللعالمین اسکالر شپس پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکالر شپس پروگرام کا رحمتہ اللعالمین اس لیے ہے کیوں کہ نبی (ص) صرف مسلمانوں نہیں بلکہ تمام انسانوں کے لیے رحمت بن کر آئے تھے اور یہ پروگرام بھی تمام پاکستانیوں کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی (ص) جیسا انسان دنیا میں نہ کبھی پیدا ہوا نہ ہوگا کیوں کہ کسی بھی انسان کی وہ کامیابیاں نہیں ہیں جو ان کی ہیں اور دنیا کی عظیم ترین ہستیوں میں انہیں سب سے عظیم انسان کہا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے ملک میں یہ کوشش ہوتے کبھی نہیں دیکھی کہ دنیا کی تاریخ کے عظیم انسان کو مسجد سے نکال کر اپنی روزمرہ کی زندگی میں شامل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن پاک میں اللہ حکم دیتا ہے کہ ان کی زندگی سے سیکھو، ان کے سنت پر چلو کیوں کہ قرآن ہمارے لیے ہدایت کی کتاب ہے اس سے ہماری زندگی بہتر ہوگی اس سے ہمیں فائدہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم پانچوں وقت نماز پڑھتے ہیں اور اللہ سے وہ راستہ مانگتے ہیں جو ہمیں نعمتیں بخشے گا خوشیاں دے گا سکون دے گا لیکن جو سب سے عظیم انسان اس راستے پر تھے، میں نے دیکھا کہ ان کی زندگی کا ہماری زندگی سے تعلق ہی نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 927333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش