QR CodeQR Code

حکومت تحریک لبیک پر پابندی کیبجائے افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرے، پاکستان سنی تحریک

15 Apr 2021 23:13

علما و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ایس ٹی ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک میں کشمیر، شام و فلسطین جیسے حالات کیوں پیدا ہوئے، اس پر عدالتی کمیشن بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے بجائے افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کرے، ایسے فیصلوں سے اجتناب کیا جائے کہ جس سے جمہوریت کی نفی اور آمریت کی علامت کا اظہار ہوتا ہو، شدت پسندی اور تشدد کے خلاف ہیں، ملک میں آئین موجود ہے، جمہوری جماعت کو کالعدم قرار دینا کسی طور بھی درست نہیں ہے، ایسی بہت ساری مثالیں موجود ہیں کہ حکومتی جماعت سمیت کئی جماعتوں نے تشدد کی سیاست کی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، ملک میں کشمیر، شام و فلسطین جیسے حالات کیوں پیدا ہوئے، اس پر عدالتی کمیشن بنایا جائے، پاکستان سنی تحریک ثالث کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی و دہشتگردی کے خلاف ہماری دو اعلیٰ قیادتوں کو شہید کر دیا گیا، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکڑوں کارکنان کی قربانیاں دیں، آج بھی ہم اپنے شہداء و قائدین کے نقش قدم پر گامزن ہیں، انتہاپسندی و دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ملک کے قومی اداروں کے ساتھ ہیں، حکومت کی مثبت پالیسیوں کو سراہتے ہیں، فرانسیسی حکومت کی سرپرستی میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف پارلیمنٹ میں قرارداد لاکر فرانس کے اس فعل کی مذمت اور سخت اقدامات کرنی چاہیے، ہر مسلمان حضور اکرم ﷺ کی ناموس کے تحفظ کیلئے سب کی قربان کرنے کا جذبہ رکھتا ہے، آزادی اظہار کی حد قائم کرنے کیلئے اقوام متحدہ سے قانون پاس کر دیا جائے، او آئی سی مسلم ممالک کی تنظیم ہے، اسے فرانس حکومت کے خلاف سخت فیصلے کرنا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 927432

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927432/حکومت-تحریک-لبیک-پر-پابندی-کیبجائے-افہام-تفہیم-کا-راستہ-اختیار-کرے-پاکستان-سنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org