0
Thursday 15 Apr 2021 23:26

پاکستان کی ترقی علم و تحقیق کے فروغ سے وابستہ ہے، محمد حسین محنتی

پاکستان کی ترقی علم و تحقیق کے فروغ سے وابستہ ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی علم و تحقیق کے فروغ سے وابستہ ہے، علم رکھنے والے اور نہ رکھنے والے برابر نہیں ہوسکتے، ہمارا دین تعلیم کو بڑی اہمیت دیتا ہے، ملک کی ترقی اور نوجوان نسل کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے بڑے تعلیمی اداروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل اور نصاب تعلیم کو اسلام و نظریہ پاکستان کے مطابق بنایا جائے، جماعت اسلامی کے بانی سید ابواعلیٰ مودودیؒ نے سب سے پہلے تعلیمی کمیٹی بنائی، تاکہ نئی نسل کو اپنے نظریئے و سوچ کے مطابق تعلیم دیکر آگے بڑھانے کے ساتھ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے بھی انہیں آگاہ کیا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں شعبہ اعلیٰ تعلیم اور جامعات کے تحت منعقدہ تعلیمی ماہرین و ادیبوں کی نشست سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پروفیسر خیال آفاقی، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد چنا، جلیس سلاسل، ڈاکٹر عمیر رئیس اور پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق منصوری نے بھی اظہار خیال کیا۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ہمیشہ تعلیم اور تحقیق کے فروغ کی طرف توجہ دلاتا رہتا ہوں، اسی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے، اسلام نے حصول علم، علم کائنات اور سائنس کے حصول پر زور دیا ہے۔ قائداعظم رائٹرز گلڈ پاکستان کے چیئرمین جلیس سلاسل نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے قیام پاکستان سے قبل اسلامی نظام تعلیم کمیٹی کی مکمل روئیداد پیش کی، جس کمیٹی میں مرحوم لیاقت علی خان، مرحوم پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی، مرحوم پروفیسر ڈاکٹر اے بی اے حلیم اور برصغیر پاک و ہند کے تمام صوبوں کے ماہرین تعلیم شامل تھے۔ اس اجلاس میں پرائمری سے پی ایچ ڈی تک اسلامی نظام تعلیم کا مکمل خاکہ پیش کیا گیا، جس کی قائداعظم نے منظوری دی تھی۔ پروفیسر خیال آفاقی نے کہا کہ نوجوان سیرت النبیﷺ سے بہت متاثر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 927436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش