0
Friday 16 Apr 2021 10:20

آئین کی بیخ کنی کرنا امبیڈکر کے اصولوں کے منافی ہے، شیخ مصطفٰی کمال

آئین کی بیخ کنی کرنا امبیڈکر کے اصولوں کے منافی ہے، شیخ مصطفٰی کمال
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفٰی کمال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدھ کو پورے بھارت میں ملکی آئین کے معمار بھیم راؤ امبیڈکر کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا گیا اور بھاجپا حکومت اس میں کسی سے پیچھے نہیں رہی لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ عملی طور پر بھاجپا کی پالیسی مکمل طور پر بھیم راؤ امبیڈکر کے اصولوں اور آئین کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے گذشتہ 7 سال کے دوران حکومت میں رہ کر اُنہی روایات کو دوام بخشا جن کے خاتمے کیلئے امبیڈکر نے جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں آج پھر سے اونچ نیچ، تاناشاہی، نابرابری، فرقہ پرستی اور ناانصافی کا دور دورہ ہے اور یہ رجحان ہر گزرتے دن کے ساتھ مودی حکومت کی پشت پناہی میں پھیلتا جارہا ہے۔

شیخ مصطفٰی کمال نے کہا کہ بھیم راؤ امبیڈکر نے جمہویت اور اظہار رائے کی آزادی کیلئے جنگ لڑی لیکن آج نہ کہیں جمہوریت ہے اور نہ ہی اظہارِ رائے کی آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر نے ملک کو آئین کی بالادستی اور آئین کو ہمیشہ مقدم رکھنے کا درس دیا لیکن جب سے بھاجپا کی حکومت معرض وجود آئی ہے تب سے آئین کی دھجیاں اُڑائی جارہی ہیں اور 5 اگست 2019ء بھی اسی کی ایک بدترین کڑی تھی۔ ڈاکٹر شیخ کمال نے کہا کہ بھاجپا نے جموں و کشمیر کے عوام سے وہ حقوق غیر آئینی طور پر چھین لئے جن کی ضمانت اُس آئین ہند میں دی تھی جس کے معمار بھیم راؤ امبیڈکر تھے۔ ڈاکٹر شیخ مصطفٰی کمال نے کہا کہ امبیڈکر کو سب سے بڑا خراج عقیدت آئین کو مقدم سمجھ کر جموں و کشمیر کے آئینی اور جمہوری حقوق کو بحال کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 927463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش