QR CodeQR Code

سندھ کیلئے 446 ارب روپے کے پیکیج کی پوری تیاری کرلی گئی ہے، عمران خان

16 Apr 2021 14:46

سکھر میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قرض کی مد میں 35 ہزار ارب روپے واپس کئے، 15 ہزار ارب روپے پچھلی حکومت سے زیادہ واپس کیں، یہ خوشی کی بات نہیں، یہ 15 ہزار ارب ہم عوام پر خرچ کر دیتے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 446 ارب روپے کے پیکیج کی پوری تیاری کرلی گئی ہے، سندھ کے اضلاع کے پیکیج کے اثرات عوام کو ملنا شروع ہو جائیں گے، وعدہ کرتا ہوں سندھ کے لوگوں کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر سکھر پہنچے، جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ان کا استقبال کیا۔ جس کے بعد عمران خان آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا اور چیک تقسیم کئے، اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے وزراء، عثمان ڈار، ثانیہ نشتر، محمد میاں سومرو بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرون سندھ آنے پر خوشی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں، بدقسمتی سے اندرون سندھ پہلے نہیں آسکا، اندرون سندھ پاکستان کا سب سے غریب ترین علاقہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 سال پہلے سیاست شروع کی تو پورے پاکستان کے دورے کرتا تھا، بلوچستان میں بہت غربت دیکھی، قبائلی علاقہ اب کے پی میں ضم ہوگیا ہے، وہاں غربت بہت تھی، اندرون سندھ میں لوگوں کو مشکل حالات میں جیتے دیکھا، طاقتور کمزور کے اوپر ہر قسم کا ظلم کر سکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ کے لوگ بہت پیچھے رہ گئے، پنجاب میں بڑے مافیا سے مقابلہ تھا اس لئے سندھ کو زیادہ وقت نہ دے سکا تھا۔ ملکی قرضوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ تھا، ڈھائی سال میں ہم نے کتنا قرض واپس کیا، سود ادا کیا، (ن) لیگ حکومت نے اپنے ڈھائی سال میں 20 ہزار ارب روپے قرض واپس کیا، موجودہ حکومت نے قرض کی مد میں 35 ہزار ارب روپے واپس کئے، 15 ہزار ارب روپے پچھلی حکومت سے زیادہ واپس کیں، یہ خوشی کی بات نہیں، یہ 15 ہزار ارب ہم عوام پر خرچ کر دیتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کیلئے بنیادی ضروریات پوری کرنے پر یہ رقم خرچ کی جا سکتی تھی، زیادہ قرضہ واپس کرنا تھا، اتنا پیسہ بھی نہیں کہ اپنے لوگوں پر خرچ کرسکیں، 446 ارب روپے کے پیکیج کی پوری تیاری کی گئی، سندھ کے اضلاع کے پیکیج کے اثرات عوام کو ملنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے گاؤں آگے جانے کے بجائے پیچھے جا رہے ہیں، جب حکومت میں آئے تو پاکستان پر تاریخی قرضہ تھا، پیکیج کے ذریعے کوشش ہے نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی ڈیری فارمز بنا رہے ہیں اور کسی کی کپڑے کی دکان ہے، جو کاروبار کرنا چاہے حکومت اس سے تعاون کرے گی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں تھوڑے سے کھیلوں کے گراؤنڈ ہے، نیوزی لینڈ کی آبادی 50 سے 60 لاکھ کے قریب ہے اور پاکستان کی آبادی 22 کروڑ ہے، نیوزی لینڈ میں زیادہ کھیلوں کے گراؤنڈ ہیں، ہماری ٹیم نیوزی لینڈ گئی تو ہار گئی، لوگوں نے کہا اتنا سا جزیرہ ہے، کیسے ہار گئی۔

18ویں ترمیم سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق سے سارا پیسہ صوبوں کو چلا جاتا ہے، وفاق جب سارا پیسہ دے دیتا ہے تو قرض کی مد میں اسے سود بھی دینا پڑتا ہے، ملک پر موجود قرض کی ادائیگی کیلئے حکومت کو قرض لینا پڑتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکھر اور حیدرآباد موٹروے سے سندھ کے لوگوں کو فائدہ ہوگا، اسد عمر نے بتایا ڈیم کی تعمیر سے کئی ایکڑ زمین زرخیز ہوگی، لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک دم لاک ڈاؤن ہوا تو غریب طبقہ پس گیا، پورا ملک بند ہونے سے دیہاڑی دار مزدور، چھابڑی والے پس گئے، شکر ہے اللہ کا ہم نے پورا ملک کھول دیا، بھارت کی طرح نہیں کیا، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایک دم پاکستان میں غربت آگئی۔

احساس پروگرام سے متعلق عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام لائے، ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو تھوڑے وقت میں پیسے دیئے، احساس پروگرام کے ذریعے دی گئی رقم میرٹ پر تقسیم ہوئی، کسی نے یہ نہیں دیکھا کہ یہ ہمارا ووٹر ہے یا یہ ہمارا صوبہ ہے یا نہیں، احساس پروگرام کے ذریعے میرٹ پر رقم تقسیم کی گئی، 180 ارب روپے میں سے 33 فیصد پیسہ سندھ میں خرچ کیا گیا۔ بنڈل آئر لینڈ کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کے پاس ایک جزیرہ ہے جو ویسے ہی پڑا ہوا ہے، اس جزیرے کیلئے بہت بڑا منصوبہ بنایا ہے، لوگ اس منصوبے کیلئے تیار بھی ہوگئے، اس منصوبے سے اربوں روپے آنے تھے، سندھ کے لوگوں کو نوکریاں ملنی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ حکومت سے کہا جو نفع بھی ہوگا وہ بھی آپ رکھ لیں، باہر سے انویسٹمنٹ آنی تھی، ملک کا فائدہ ہونا تھا، 40 ارب روپے اس جزیرے پر خرچ ہونے تھے، بیرون ملک سے انویسٹمنٹ آنے سے روپیہ مضبوط ہوتا، سندھ حکومت نے اس منصوبے کو منسوخ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے کہوں گا کہ اس پروجیکٹ سے فائدہ تو آپ کا ہی ہے، اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو احساس پروگرام میں لا رہے ہیں، بہت دیر سے اندرون سندھ کے دورے پر آیا ہوں، پورا ملک میرا ہے اور اپنا سمجھتا ہوں، وعدہ کرتا ہوں سندھ کے لوگوں کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کروں گا۔ بلوچستان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا بلوچستان کیلئے پیکیج موجودہ حکومت نے دیا ہے، قبائلی اضلاع کیلئے پیکیج بھی دیئے ہیں اور مزید اضافہ بھی کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 927513

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927513/سندھ-کیلئے-446-ارب-روپے-کے-پیکیج-کی-پوری-تیاری-کرلی-گئی-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org