QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کا این اے 249 کے ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ

16 Apr 2021 15:10

الیکشن کمیشن کو درخواستوں میں یکساں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر انتخابی مہم چلانا مشکل ہے، ضمنی الیکشن کی انتخاب میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 پر ہونے والے ضمنی الیکشن کو ملتوی کرنے کی درخواست دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا کی جانب سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دینے کے بعد کراچی میں قومی اسمبلی کی این اے 249 کی سیٹ خالی ہوئی تھی، الیکشن کمیشن نے حلقے میں پولنگ کیلئے 29 اپریل تاریخ مقرر کر دی ہے۔ این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والی ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر حلقے میں ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دے دی ہے، متحدہ کی جانب سے دو علیحدہ درخواستیں دی گئیں ہیں۔ پہلی درخواست ایم کیو ایم امیدوار حافظ مرسلین نے ریٹرننگ آفیسر کو دی، جبکہ دوسری درخواست ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ارسال کیں۔

دونوں درخواستوں میں یکساں مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر انتخابی مہم چلانا مشکل ہے، ضمنی الیکشن کی انتخاب میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دائر درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا تیسری لہر میں مثبت کیسز کی شرح 12 فیصد تک ہے، جبکہ حلقے میں این سی او سی کی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی سامنے آرہی ہے۔ درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ این اے 249 پر ضمنی الیکشن کورونا صورتحال کی بہتر تک ملتوی کئے جائیں اور الیکشن کمیشن جلد اس تناظر میں ایکشن لیتے ہوئے فیصلہ کرے۔


خبر کا کوڈ: 927520

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927520/ایم-کیو-کا-این-اے-249-کے-ضمنی-الیکشن-ملتوی-کرنے-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org