QR CodeQR Code

سندھ کے عوام کے ووٹ سے آنیوالی صوبائی حکومت مشکلات پیدا کرتی ہے، اسد عمر

16 Apr 2021 16:22

سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا مشن لندن اور سوئٹزر لینڈ میں جائیداد بنانا نہیں ہے، عمران خان کا مشن ہے پاکستانیوں کی زندگی کو بہتر کرنا ہے، ترقیاتی کاموں سے سندھ میں ترقی کا خواب پورا ہوتا نظر آئے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت تھی سندھ کے اضلاع کیلئے ترقیاتی پیکجز کی تیاری کی جائے، پیکج میں سندھ کے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز کی ٹریننگ دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں وفاقی وزیر اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے سندھ کو ہر قسم کے قدرتی وسائل سے نوازا ہے، سندھ میں کسی چیز کی کوئی کمی نہیں ہے، وزیراعظم کی ہدایت تھی سندھ کے اضلاع کیلئے ترقیاتی پیکجز کی تیاری کی جائے، سندھ پیکج 446 ارب روپے کا ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کیلئے اگلے ہفتے سے منظوری ہوجائے گی، مراد سعید ذاتی حیثیت میں اس منصوبے کی نگرانی کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں بجلی کے ترسیل کا نظام نہیں بنایا گیا، گیس پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ سندھ ہے، آج بھی سندھ کے اضلاع میں گیس نہیں پہنچ رہی ہے، سندھ کیلئے 52 ارب کے منصوبے گیس کے ہیں جو دو سال میں مکمل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کے ووٹ سے آنیوالی صوبائی حکومت مشکلات پیدا کرتی ہے، سندھ حکومت نئی گاج ڈیم کیلئے مزید پیسہ لگانے کو تیار نہیں، وزیراعظم نے فیصلہ کیا نئی گاج ڈیم کیلئے وفاق رقم فراہم کرے گا، 28800 ایکڑ زمین کو پانی مہیا کرنے کا یہ منصوبہ وفاقی وسائل سے مکمل کریں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ اس پیکج میں سندھ کے نوجوانوں کیلئے بڑے فیصلے کئے گئے ہیں، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی جیکب آباد، بدین اور دیگر اضلاع بھی شامل ہیں، سندھ کے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز کی ٹریننگ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 25 ہزار بچیوں سمیت تقریباً ایک لاکھ نوجوانوں کھیلوں کی سہولتوں سے مستفید ہوں گے، سندھ کا بچہ بچہ ہونہار ہے، اسے ہنر سکھا دیں تو دنیا سے مقابلہ کرسکتا ہے، 1 لاکھ 30 ہزار نوجوان کھیلوں کی فیسلٹیز ان اضلاع سے حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی 12 لاکھ کی آبادی کو آپٹک فائبر سے کنکٹ کرنے جارہے ہیں، سندھ میں پارسپورٹ بنوانے کیلئے اب لوگوں کو باہر جانا نہیں پڑے گا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مشن لندن اور سوئٹزر لینڈ میں جائیداد بنانا نہیں ہے، عمران خان کا مشن ہے پاکستانیوں کی زندگی کو بہتر کرنا ہے، ترقیاتی کاموں سے سندھ میں ترقی کا خواب پورا ہوتا نظر آئے گا۔


خبر کا کوڈ: 927526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927526/سندھ-کے-عوام-ووٹ-سے-آنیوالی-صوبائی-حکومت-مشکلات-پیدا-کرتی-ہے-اسد-عمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org