QR CodeQR Code

ملتان، جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام دوسرے ہفتے بھی علامتی دھرنا 

16 Apr 2021 23:46

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ لاپتا افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے، جبری گمشدگی کے شکار آخری فرد کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا، جب تک ہمارے پیاروں کو بازیاب نہیں کیا جاتا تب تک مزار قائد پر دھرنا ختم نہیں ہوگا، حکومتی وعدوں کو عملی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ملتان میں جامع مسجد الحسین سے گلشن مارکیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے گلشن مارکیٹ پہنچ کر احتجاجی علامتی دھرنا دیا، دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، ڈویژنل صدر آئی ایس او ملتان ثقلین ظفر، مولانا عمران ظفر، مولانا جعفر انصاری اور قمر عباس زیدی نے کی۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسنگ پرسنز کی فیملیز سے مانگا گیا وقت ختم ہو چکا ہے، لاپتا افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے، جبری گمشدگی کے شکار آخری فرد کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا، جب تک ہمارے پیاروں کو بازیاب نہیں کیا جاتا تب تک مزار قائد پر دھرنا ختم نہیں ہو گا، حکومتی وعدوں کو عملی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں، محض طفل تسلیوں سے اب کام نہیں چلے گا، اگر ریاستی اداروں نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عہدشکنی کی تو رمضان المبارک کی مختلف مذہبی تقریبات اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد بھی دھرنے میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے احتجاج کا فیصلہ کسی عجلت میں نہیں کیا گیا بلکہ حکومت سمیت تمام ذمہ دار ریاستی اداروں کے دروازے کھٹکھٹانے کے بعد حوصلہ افزا جواب نہ ملنے پر کیا گیا ہے، جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج کر کے صدر پاکستان، وزیراعظم سے ملاقاتیں کی، ان کی جھوٹی یقین دہانیوں کے باوجود ہم ہمت نہیں ہارے، رہنماوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی جانب سے افراد کو جبری گمشدہ کرنا غیرآئینی اور آئین کے آرٹیکل دس کی خلاف ورزی ہے، ہم محب وطن ہیں لاپتہ افراد کے معاملہ میں قانون اور آئین کی بات کرتے ہیں، لاپتہ افراد اگر کسی جرم میں ملوث ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ 

 رہنماوں کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے مذہبی جماعتوں اور اہل وطن کو پریشان کیا جارہا ہے، ہمارا دھرنا ابھی علامتی ہے اگر شیعہ قوم کے صبر کا پیمانا لبریز ہوا تو پھر بات حکومتوں کے جانے تک ہو جائے گی۔ ہم محب وطن ہیں ریاست کے ہر اچھے اقدام کی حمایت کرتے ہیں اور کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گے جو غیرآئینی اور غیرقانونی ہوں۔ اس موقع پر مولانا فرمان علی صفدری، حکیم شبیر حسین، شہریار حیدر اور دیگر بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 927591

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927591/ملتان-جوائنٹ-ایکشن-کمیٹی-فار-شیعہ-مسنگ-پرسنز-کے-زیراہتمام-دوسرے-ہفتے-بھی-علامتی-دھرنا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org