QR CodeQR Code

تحریک لبیک نے اگر غیرقانونی حرکات کی ہیں تو اسے ڈیل کرنے کے قانونی راستے موجود ہیں، لیاقت بلوچ 

17 Apr 2021 01:32

ملی یکجہتی کونسل کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ تحریک لبیک کے ساتھ ریاستی اداروں، حکومتوں نے خود معاہدے کیے، معاہدوں پر عملدرآمد خود حکومت نہیں کر رہی، معاہدہ شکن حکومت کے خلاف احتجاج کے سوا کیا راستہ رہ جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی کے لیے غیرآئینی، غیرجمہوری طریقہ اختیار کیا ہے، تحریک انصاف نے خود احتجاج، دھرنوں میں لاقانونیت کی انتہا کی۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، ریاستی عمارتوں پر حملے کیے، تحریک لبیک کی قیادت اور کارکنان نے اگر غیرقانونی حرکات کی ہیں تو اسے ڈیل کرنے کے قانونی راستے موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے رجسٹرڈ پارٹی پر پابندی کا معاملہ آئین اور قانون میں طے شدہ ہے، حکومت خود بھی لاقانونیت کی مرتکب ہورہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی کا اعلان کر کے اپنی مخالف جماعتوں کو پیغام دیا ہے، حکومتی رٹ تحریک لبیک نے نہیں، خود حکومت کی نااہلی، حکومتی اتحادیوں کی بلیک میلنگ اور اقتصادی سیاسی محاذ پر ناکامی کی وجہ سے حکومت کی رٹ پہلے سے ہی موجود نہیں، حکومت مصنوعی سہاروں اور بیساکھیوں پر چل رہی ہے، تحریک لبیک کے ساتھ ریاستی اداروں اور حکومتوں نے خود معاہدے کیے، معاہدوں پر عملدرآمد خود حکومت نہیں کر رہی، معاہدہ شکن حکومت کے خلاف احتجاج کے سوا کیا راستہ رہ جاتاہے۔ حکومت غیرآئینی، غیرجمہوری پابندی عائد کرنے کی بجائے بات چیت کرے اور اپنے عہد کی پاسداری کرے۔ سیاسی جمہوری عمل میں حکومت اور تمام سیاسی، دینی، جمہوری قوتوں کو پرامن اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام اور احتجاج کا حق حاصل ہے، حکومت اور سیاسی دینی جماعتیں قانون شکنی کا راستہ خود بند کریں۔


خبر کا کوڈ: 927598

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927598/تحریک-لبیک-نے-اگر-غیرقانونی-حرکات-کی-ہیں-اسے-ڈیل-کرنے-کے-قانونی-راستے-موجود-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org