0
Saturday 17 Apr 2021 01:47

امامیہ کونسل پشاور کے وفد کا دورہ ضلع کرم، شیعہ، سنی عمائدین سے ملاقاتیں

امامیہ کونسل پشاور کے وفد کا دورہ ضلع کرم، شیعہ، سنی عمائدین سے ملاقاتیں
اسلام ٹائمز۔ امامیہ کونسل پشاور کے صدر سید اظہر علی شاہ اور ممبر سپریم کونسل سید ابرار جعفری نے پیر قیوم صدہ لوئر کرم میں اہلسنت علمائے کرام مولانا شاہنواز اور مولانا روح اللہ کے ساتھ انکی رہائشگاہ پر طویل ملاقات کی۔ اس موقع پر دیگر عمائدین بھی موجود تھے، اہلسنت علماء کرام نے امامیہ کونسل کے رہنماؤں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر امامیہ کونسل کے رہنماوں نے بات چیت کرتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا اور تمام مسالک کو متحد ہونے کی خواہش ظاہر کی، جسے اہلسنت علماء کرام اور اکابرین نے کھلے دل کے ساتھ قبول کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، اس موقع پر امامیہ کونسل کی طرف سے پیش کردہ تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاراچنار اور لوئر کرم صدہ کے شیعہ، سنی علماء کرام پر مشتمل مشترکہ پلیٹ فارم کی تشکیل پر بھی اتفاق کیا گیا، جو علاقے میں قیام امن کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے، امامیہ کونسل کے وفد نے اہلسنت علماء کرام کے جذبے کی تعریف کی اور مختصر نوٹس پر ملاقات کا اہتمام اور مہمان نوازی کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ 

اس سے قبل اپنے چار روزہ دورے میں امامیہ کونسل کے رہنماؤں نے پاراچنار میں ملت تشیع کے مختلف علماء کرام جن میں تحریک حسین کے سپریم لیڈر علامہ سید عابد حسین الحسینی، سابق صدر علامہ یوسف حسین، مرکزی پیش امام و پرنسپل مدرسہ جعفریہ علامہ فدا حسین مظاہری، صدر مجلس علماء اھلبیت علامہ سید محمد طاہری، سابق صدر مجلس اھلبیت علامہ سید صفدر علی شاہ، علامہ روحانی، علامہ سید ندیم حیدر، نائب پرنسپل مجاہد حسین اور دیگر کئی علماء کرام و عمائدین سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علماء کرام و عمائدین نے امامیہ کونسل کے قیام اور اتحاد کے حوالے سے انکی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے وقت کی اشد ضرورت قرار دیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
 
دورے کے اختتام پر پشاور میں امامیہ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اراکین کابینہ و سپریم کونسل کو دورہ ضلع کرم کے بارے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ شرکاء اجلاس نے ضلع کرم کے کامیاب دورے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے حوصلہ افزاء قرار دیا، اجلاس کے شرکاء نے امامیہ کونسل کو ابتدائی طور پر ضلع ہنگو اور ضلع کرم تک توسیع دینے کی منظوری دی اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے اپنی کاوشیں مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 927599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش