0
Saturday 17 Apr 2021 10:13

تحریک لبیک احتجاج، لاہور کے 167 مقامات پر موبائل فون، انٹرنیٹ سروس معطل

تحریک لبیک احتجاج، لاہور کے 167 مقامات پر موبائل فون، انٹرنیٹ سروس معطل
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک لبیک کو سوشل میڈیا کے ذریعے دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کا منصوبہ، لاہور کے 167 علاقوں میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروسز معطل، شہریوں کو سوشل میڈیا اور آن لائن کام میں مشکلات کا سامنا رہا۔ کالعدم تحریک لیبک کا احتجاج اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظرشہر کے167 مقامات پر موبائل فون سروسز آج بھی معطل ہے۔ کالعدم ٹی پی ایل کے مرکزی دھرنے یتیم خانہ چوک کے اطراف میں بھی موبائل فون سروسز معطل ہیں۔ پولیس کے مطابق یتیم خانہ چوک کے اطراف کے دس کلومیٹر میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہو رہی ہیں۔ جبکہ شاہدرہ سے ٹھوکر نیاز بیگ، بند روڈ سے گلبرگ کے بیشتر علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں۔ گلبرگ، شادمان، گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، اچھرہ، مزنگ، لٹن روڈ، سمن آباد، اقبال ٹاؤن، ساندہ، چوبرجی، سبزہ زار، جیل روڈ، مال روڈ، ریواز گارڈن، داتا دربار اور ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سروسز متاثر ہیں۔
 
موبائل فون کمپنیوں نے شہر میں نصب 167 ٹاورز کے علاقوں میں انٹرنیٹ معطل کر رکھا ہے، یتیم خانہ چوک کے قریب مکمل جبکہ دور کے علاقوں میں جزوی انٹرنیٹ معطل ہے۔ انٹرنیٹ کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کو سوشل میڈیا سمیت دیگر آن لائن امور سرانجام دینے میں مشکلات درپیش ہیں۔ وزرات داخلہ کی ہدایت پر پی ٹی اے نے دو روز قبل لاہور میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سروسز کی بندش کا مقصد کالعدم ٹی پی ایل کو احتجاج کے لیے منظم کرنے سے روکنا ہے۔ سروس کی بندش سے آن لائن کلاسز لینے والے طلبہ کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آج شہر کے تمام علاقوں میں مرحلہ وار سروسز کو بحال کر دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 927645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش