QR CodeQR Code

چینی مافیا سے میرا کوئی تعلق نہیں، جہانگیر ترین

17 Apr 2021 11:13

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تینوں ایف آئی آر میں چینی کی قیمت بڑھنے کا ذکر نہیں  بلکہ ایف آئی آر میں میرے کاروبار کی 8 سے 10سال پرانی چیزوں کو اٹھایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ان کا چینی کی قیمت بڑھنے سے یا چینی مافیا سے کوئی تعلق نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ بار بار شوگر مافیا کی بات کی جاتی ہے، کہا جاتا ہے چینی کی قیمتیں بڑھ گئیں، چینی کی قیمت بڑھنے سے یا چینی مافیا سے میرا کوئی تعلق نہیں، کسی نے کوئی بات نہیں کی کہ جہانگیر ترین پر شوگر کا کیس چل رہا ہے، میرے خلاف تینوں ایف آئی آر کو پڑھ لیں شوگر مافیا کا ذکر نہیں، نہ الزام ہے، تینوں ایف آئی آر میں چینی کی قیمت بڑھنے کا ذکر نہیں  بلکہ ایف آئی آر میں میرے کاروبار کی 8 سے 10سال پرانی چیزوں کو اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف ایک فرضی کہانی بنائی ہوئی ہے، میری ڈاکیومینٹیشن صاف اور شفاف ہے، ہر سال انکم ٹیکس ٹھیک ٹھاک دیتا ہوں، میرے اور فیملی کے اکاؤنٹس انکم ٹیکس والوں کے پاس موجود ہیں، کسی بھی بزنس مین سے پوچھ لیں، کہیں گے اگر جہانگیر ترین صاف شفاف نہیں تو کون صاف شفاف ہے، میری نیک نامی کے اوپر دھبے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ سب لوگوں کو پتا لگے گا اصل بات کیا تھی، مجھ پر ڈیڑھ سال میں شوگر سے متعلق الزام تک نہیں لگا، میں کونسا کہہ رہا ہوں کیسز ختم کر دیں بلکہ کیسز کا مقابلہ کرنے کے لیے عدالت میں موجود ہوں۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سوا سال سے وزیراعظم ہاؤس نہیں گیا، نہیں پتا میرے خلاف کون کیا کر رہا ہے، مگر کوئی تو کر رہا ہو گا، بے بنیاد الزام لگا کر میری ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اگر انصاف ہوتا تو مجھ پر ایف آئی آر درج نہ ہوتیں۔


خبر کا کوڈ: 927665

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927665/چینی-مافیا-سے-میرا-کوئی-تعلق-نہیں-جہانگیر-ترین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org