0
Saturday 17 Apr 2021 15:06

مسلمانوں کے مذہبی جذبات دانستہ طور پر مجروح ہورہے ہیں، میرواعظ عمر فاروق

مسلمانوں کے مذہبی جذبات دانستہ طور پر مجروح ہورہے ہیں، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ مسلمانان کشمیر کے مذہبی جذبات کو دانستہ طور مسلسل مجروح کئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے حریت کانفرنس (م) نے اِسے انتہائی بدقسمتی سے تعبیر کیا ہے۔ ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس (م) نے کہا کہ مقدس ماہ رمضان کے پہلے جمعہ کا دن ہے، تاریخی جامع مسجد سرینگر کے منبر و محراب خاموش ہیں کیوں کہ حکام نے میرواعظ کشمیر مولانا محمد عمر فاروق کو غیرقانونی اور غیراخلاقی طور لگاتار نظربند رکھا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مقدس ماہ صیام کے دوران جامع مسجد سرینگر میں نمازی اور زائرین خاص طور پر جمعتہ المبارک کے دن نہ صرف میرواعظ عمر فاروق کے وعظ و تبلیغ اور روحانی فیوض و برکات سے مستفید ہوتے ہیں بلکہ اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور اوراد و وظائف اور درود و دعا کے ساتھ رجوع کرکے روحانی سکون اور قلبی اطمینان بھی حاصل کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ حریت کانفرنس حکام سے پوچھنا چاہتی ہے کہ کیا اوراد و وظائف کا اہتمام اور روحانی سکون و اطمینان حاصل کرنے کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعاؤں کا مانگنا ’’امن‘‘ کیلئے خطرے کا سبب ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بیس ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے جبکہ میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر اپنے ہی گھر میں نظربند رکھ کر موصوف کو اپنی منصبی ذمہ داریوں کو نبھانے کی اجازت نہیں ہے۔ حریت کانفرنس (م) نے کہا کہ میرواعظ کے تئیں حکام کا یہ آمرانہ رویہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے حربوں سے صرف ہمارے عزائم، حوصلوں اور صبر و استقامت کو مزید تقویت ملتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 927694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش