QR CodeQR Code

بھارت کورونا سے نمٹنے میں مودی حکومت کی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے، کانگریس

17 Apr 2021 20:54

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے کہا کہ مودی حکومت ملک کو درپیش انتہائی سنگین آفت سے نمٹنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں مودی حکومت کی غلطیوں اور اس کی بد انتظامی کے سبب پورا ملک سنگین وبائی بحران کی زد میں آچکا ہے اور وہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار دنیا کا سب سے بڑا ملک ہونے کا خمیازہ بھگتنے پر مجبور ہے۔ کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، سابق مرکزی وزراء پی چدمبرم اور اجے ماکن نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی کی اعلی ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ملک کو درپیش انتہائی سنگین آفت سے نمٹنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی لاپرواہی اور عدم تیاری کی وجہ سے ملک بڑی قیمت چکا رہا ہے اور اس کی وجہ سے اب تک 175673 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ دنیا میں ویکسین بنانے کی سب سے زیادہ صلاحیت رکھنے والے ملک کو آج دنیا میں سب سے زیادہ کورونا متاثرہ ممالک میں شامل ہونے کی اہانت کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنگین صورتحال کورونا وائرس کی لڑائی میں حکومت کی سنگین غلطیوں اور بدانتظامی کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔
کانگریس نے الزام لگایا کہ حکومت عوام میں یہ آگاہی پیدا کرنے میں ناکام رہی ہے کہ اس گھٹتا ہوا کورونا وائرس دوسری سنگین لہر کا اشارہ ہوسکتا ہے، جو پہلی لہر سے کہیں زیادہ تباہ کن ہوسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 927765

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927765/بھارت-کورونا-سے-نمٹنے-میں-مودی-حکومت-کی-غلطیوں-کا-خمیازہ-بھگت-رہا-ہے-کانگریس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org