QR CodeQR Code

کوئی بھی لاپتہ فرد سندھ حکومت کی تحویل میں نہیں ہے

وفاقی حکومت مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے کردار ادا کرے، ناصر حسین شاہ

مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں

17 Apr 2021 21:12

وحدت ہاؤس میں ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ مسنگ پرسنز کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کا مؤقف یکساں ہے، ہم جبری گمشدگی کے عمل کو آئین و قانون سے انحراف سمجھتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور سعید غنی کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے رہنماؤں سے صوبائی دفتر وحدت ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی امور، ملک کی تازہ ترین صورتحال اور شیعہ مسنگ پرسنز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ پیپلز پارٹی کے وفد میں فاروق اعوان، وقار مہدی، قادر خان مندوخیل، نعیم شیخ ممبر سندھ کونسل جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی، علامہ ملک اسد سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مسنگ پرسنز کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کا مؤقف یکساں ہے، ہم جبری گمشدگی کے عمل کو آئین و قانون سے انحراف سمجھتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی کی بات کی، کوئی بھی لاپتہ فرد سندھ کی صوبائی حکومت کی تحویل میں نہیں ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ذیلی اداروں کو مسنگ پرسنز کے حوالے سے جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے مسنگ پرسنز کی فوری بازیابی کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، عوام کو محض زبانی دعووں سے مطمئن کرنے کی بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملاقات میں ممتاز عالم دین عون محمد نقوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی اور مذہبی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ وفود کے شرکاء نے مرحوم کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔


خبر کا کوڈ: 927769

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927769/وفاقی-حکومت-مسنگ-پرسنز-کی-بازیابی-کیلئے-کردار-ادا-کرے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org