QR CodeQR Code

این اے 249 کا ضمنی انتخاب، ایم ڈبلیو ایم نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا

17 Apr 2021 21:20

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی حسین نقوی نے کہا کہ وعدہ کرکے علاقوں سے غائب ہونے والوں کے ساتھ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، مشاورت کے بعد مجلس وحدت مسلمین نے پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے  امیدوار قادر خان مندوخیل کی حمایت کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر وقار مہدی، این اے 249 کے پی پی امیدوار قادر خان مندوخیل اور ایم ڈبلیو ایم امیدوار علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ این اے 249 کے عوام کی خوشحالی کے لئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ قادر خان مندوخیل نے کہا کہ مذکورہ حلقے کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، تحریک انصاف نے حلقے میں کسی بھی قسم کا کوئی ترقیاتی کام نہ کرکے عوام کا اعتماد کھو دیا ہے، سندھ حکومت نے دو ارب روپے کی خطیر رقم حلقے میں ترقیاتی کاموں پر خرچ کرکے عوامی جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

قادر مندوخیل نے کہا کہ حلقہ این اے 249 کو شہر کا ماڈل حلقہ بنایا جائے گا، ضمنی انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کی حمایت حاصل کرنے کے لئے پہلے بھی آچکے ہیں، حمایت کی یقین دہانی پر ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے شکر گزار ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علی حسین نقوی نے کہا کہ وعدہ کرکے علاقوں سے غائب ہونے والوں کے ساتھ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، این اے 249 کراچی کا مضافاتی علاقہ ہے جو بہت زیادہ نظرانداز ہوا ہے، عوام کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، حلقہ این اے 249 کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، پیپلز پارٹی کے قائدین نے اہل علاقہ کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، مشاورت کے بعد مجلس وحدت مسلمین نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حلقہ این اے 249 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو کراچی و سندھ کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں رہی، وزیراعظم عمران خان اعلانات تو کرتے ہیں لیکن کام نہیں کرتے، انشاءاللہ مستقبل میں عوام کو علاقے میں کام نظر آئیں گے، پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور عوام میں نظر آئے گی، ایم این اے ایم پی نہیں ہے لیکن 42 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام کئے، اس حلقے سے ماضی میں ایم کیو ایم منتخب ہوتی رہی ہے، مقامی حکومت بھی ان کی رہی ہے، بلدیہ ٹاؤن کا بنیادی مسئلہ پانی سیوریج اور سڑکیں ہیں، کورنگی کراسنگ میں ہمارا کوئی ووٹ نہیں لیکن ترقیاتی کام کروائے، پیپلز پارٹی کراچی کی خدمت کررہی ہے، پیپلز پارٹی بلاتفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 927770

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927770/این-اے-249-کا-ضمنی-انتخاب-ایم-ڈبلیو-نے-پیپلز-پارٹی-کی-حمایت-اعلان-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org