QR CodeQR Code

وزارتِ خارجہ کا سعودی عرب میں‌ تعینات پاکستانی سفارتکاروں کیخلاف ایکشن

17 Apr 2021 23:18

دبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارت کاروں کی شکایات ملی تھیں، پاکستانی شہریوں کی شکایت پر مذکورہ سفارتکاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کی شکایات کے بعد سفارت کاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارت کاروں کی شکایات ملی تھیں، پاکستانی شہریوں کی شکایت پر مذکورہ سفارتکاروں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔ وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ اگر کسی اور ملک سے سفارت کاروں کی شکایت ملی تو انہیں بھی وطن واپس بلا لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی آج تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں، اس دورے میں وہ یو اے ای حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پہنچنے پر کونسل کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا، جس پر شاہ محمود قریشی نے میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی سفارتکاری کو بروئے کار لا رہا ہے، جس کے تحت دنیا کی توجہ پاکستان میں کثیر کاروباری مواقعوں پر مبذول کرائی جا رہی ہے، وبائی صورتحال کے باوجود معاشی سفارت کاری کے مثبت نتائج مل رہے ہیں، یو اے ای کے ساتھ کثیرالجہتی، تجارتی تعلقات میں روز بروز بہتری آرہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 927803

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927803/وزارت-خارجہ-کا-سعودی-عرب-میں-تعینات-پاکستانی-سفارتکاروں-کیخلاف-ایکشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org