QR CodeQR Code

ملک کی معیشت میں بہتری لانے کے دعویدار

سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، مولانا ایاز الحق قاسمی 

18 Apr 2021 00:10

ملتان میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے ضلعی امیر کا کہنا تھا کہ اسوقت ملک پر ایسے حکمران مسلط ہیں جنھوں نے تبدیلی کا اشارہ دے کر اقتدار تک پہنچنے کیلئے عوام کو بیوقوف تو بنایا مگر اب عوام کو ریلیف دینے میں کوی دلچسپی نہیں رکھتے۔ 


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و امیر ضلع ملتان مولانا محمد ایاز الحق قاسمی نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت میں بہتری لانے کے دعویدار سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، آئے روز وزیر خزانہ کو تبدیل کیا جانا اس بات کی نشانی ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں میں ملک چلانے کی صلاحیت ہی نہیں ہے، ان حکمرانوں نے اپنے تین سالہ دور اقتدار میں عوام کو ذلت و رسوا، معیشت کی بربادی، بے روزگاری اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی طرف سے مدرسہ صوت القران میں جمعیت علمائے اسلام ملتان کے رہنماوں کو دی گئی افطار پارٹی کے موقع پر کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ملک کی سب سے بڑی سیاسی اور مذہبی قوت ہے، جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے، مگر بدقسمتی سے اس وقت ملک پر ایسے حکمران مسلط ہیں، جنھوں نے تبدیلی کا اشارہ دے کر اقتدار تک پہنچنے کے لیے عوام کو بیوقوف تو بنایا مگر اب عوام کو ریلیف دینے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، عید کے بعد پی ڈی ایم کی تمام سیاسی جماعتیں صدر پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں متحد ہو کر ان حکمرانوں سے نجات کے لیے بھرپور تحریک چلائیں گی۔ اس موقع پر مولانا عطاء الرحمن حقانی، مولانا غلام فرید، مولانا عبداللہ خادم، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن، مولانا احمد ادریس ہوشیار پوری، مولانا حبیب الرحمن اکبر، زاہد مقصود احمد قریشی، مولانا عبدالرحمن قاسمی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ 


خبر کا کوڈ: 927819

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927819/سلیکٹڈ-حکمرانوں-نے-ملکی-معیشت-کا-بیڑہ-غرق-کر-دیا-ہے-مولانا-ایاز-الحق-قاسمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org