QR CodeQR Code

سعد رضوی کا شناختی کارڈ بلاک، نام فورتھ شیڈول میں شامل کر لیا گیا

18 Apr 2021 08:19

محکمہ داخلہ پنجاب نے سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ سعد رضوی کو اصل پاسپورٹ متعلقہ تھانے کے انچارج کو جمع کروانا ہوگا جبکہ مستقل رہائشگاہ سے کہیں اور جانے پر متعلقہ تھانے سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ سعد رضوی کو کہاں جانا ہے اور کس سے ملنا ہے؟ اسکی بھی تفصیل دینی ہونگی۔


اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی جائیداد منجمد کر دی گئی، سعد رضوی کا نام مشتبہ دہشتگردوں کی فہرست فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ سعد رضوی کو اصل پاسپورٹ متعلقہ تھانے کے انچارج کو جمع کروانا ہوگا جبکہ مستقل رہائش گاہ سے کہیں اور جانے پر متعلقہ تھانے سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔ سعد رضوی کو کہاں جانا ہے اور کس سے ملنا ہے؟ اس کی بھی تفصیل دینی ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیا گیا ہے جبکہ سعد رضوی کوئی بینک اکاونٹ استعمال نہیں کرسکیں گے۔ سعد رضوی کسی قسم کی جائیداد کی خرید و فروخت بھی نہیں کرسکیں گے۔

نیکٹا نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ سعد حسین رضوی کو  لاہور پولیس نے چند روز قبل اس وقت گرفتار کر لیا تھا، جب وہ ایک جنازے میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔ سعد رضوی کی گرفتاری کے فوری بعد ملک بھر میں پُرتشدد احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ ملک کے مختلف شہروں میں ہونیوالے پُرتشدد احتجاج اور مظاہروں میں چار پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ پانچ سو کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے سعد رضوی، دیگر رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، شیخوپورہ، راولپنڈی، حیدر آباد اور کراچی کے مختلف تھانوں میں بیسیئوں مقدمات درج کر لئے ہیں۔ یہ مقدمات قتل، اقدام قتل کی دفعات کے علاوہ امنِ عامہ کے آرڈیننس اور انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 927847

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927847/سعد-رضوی-کا-شناختی-کارڈ-بلاک-نام-فورتھ-شیڈول-میں-شامل-کر-لیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org