0
Sunday 18 Apr 2021 22:19

ریاستی ادارے مزار قائد کے سائے میں بیٹھی ماؤں بہنوں کی فریاد سنیں، علامہ مقصود ڈومکی

ریاستی ادارے مزار قائد کے سائے میں بیٹھی ماؤں بہنوں کی فریاد سنیں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ ماہ مبارک رمضان کے سلسلے میں جامعۃالمصطفیٰ خاتم النبیین جیک آباد میں وارثان شہداء کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان اللہ کا مہینہ ہے، جس میں تمام انسان اللہ رب العزت کا مہمان ہے، روزہ خداوند تبارک و تعالی کی عبادت اور بندگی کا نام ہے جو ضیافت الہی کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کا روزہ عظیم عبادت اور خوشنودی خدا کا باعث ہے، ماہ مبارک رمضان میں قران کریم کی تلاوت اور قرآن فہمی کے ذریعے ہمیں کردار سازی پر توجہ دینی چاہیئے، مساجد اور امام بارگاہوں کے منتظمین کو چاہیئے کہ روزانہ تلاوت قرآن کریم اور قرآن فہمی کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء محفل انسانی کی شمع ہیں جو اپنے خون کا نذرانہ دے کر انسانی معاشرے کو روشن رکھتے ہیں، ہم اپنے ان شہدا کو کبھی نہیں بھول سکتے کہ جنہوں نے حسینیت کی راہ میں اور عشق امام حسین علیہ السلام میں اپنے مقدس لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے مزار قائد کے سائے میں بیٹھی ہوئی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی فریاد کو سنیں، ریاست ماں ہوتی ہے جسے اپنے شہریوں کے ساتھ شفقت سے پیش آنا چاہیئے۔ اس موقع پر تقریب سے انجمن سپاہ علی اکبر کے ناظم اعلی راجہ سید ریاض علی شاہ بخاری اور مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وائس پرنسپل علامہ حاجی سیف علی ڈومکی نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 927919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش