0
Sunday 18 Apr 2021 23:13

پاراچنار میں طوفانی بارشیں اور ژالہ باری، فصلوں اور مکانات کو نقصان

پاراچنار میں طوفانی بارشیں اور ژالہ باری، فصلوں اور مکانات کو نقصان
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار شہر اور ملحقہ علاقوں میں طوفان باد و باران اور ژالہ باری نے تباہی مچادی، کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کے علاوہ کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور کچے مکانات کو نقصان پہنچا، متاثرہ لوگوں نے حکومت سے امداد کی اپیل کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاراچنار شہر اور ملحقہ علاقوں میں شدید ژالہ باری اور طوفان باد و باران کے باعث کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے اور بجلی کا نظام درھم برھم ہوگیا، بارانی ندی نالوں میں طغیانی کے باعث ائیر پورٹ کالونی اور دیگر مقامات پر مکانات زیر آب آگئے۔ لوگوں نے امدادی ٹیمیں طلب کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی اور اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور کئی مقامات پر سیلابی پانی میں پھنسے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقام پر پہنچادیا۔

ریسکیو 1122 کے انچارج عدنان حبیب کے مطابق ژالہ باری اور بارش سے 20 کے قریب مکانات متاثر ہوئے اور ریسکیو ٹیم نے 45 لوگوں کو ریسکیو کیا اور انہیں طبی امداد فراہم کی۔ شدید بارش اور ژالہ باری سے شہر کے مضافاتی علاقوں میں کئی کچے مکانات گرنے کی بھی اطلاع ملی ہے تاہم کسی علاقے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ شہریوں نے حکومت سے علاقے کو آفت زدہ قرار دینے اور لوگوں کی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 927932
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش