QR CodeQR Code

کسی بھی سیاسی جماعت کو دہشتگرد قرار دینا غلط ہے 

 ٹی ایل پی کیخلاف حکومت نے دانشمندی کی بجائے گھٹیا طریقے سے کام لیا، علامہ مظہر سعید کاظمی 

19 Apr 2021 05:51

ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست میں انصاف اور قانون نہیں ہے، نہتے لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں، آج لاہور کا نقشہ سری نگر کا لگ رہا ہے، جلد تمام مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرس بلائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ مظہر سعید کاظمی اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی نے موجودہ حالات کے پیش نظر مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرس بلانے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر مذاکرات کا راستہ اختیار کرے اور گرفتار کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے، گرفتار کارکنان کو اگر رہا نہ کیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل آل پارٹیز کانفرنس میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سمیت ملک بھر میں پولیس نے علماء کے خلاف جو مقدمات درج کیے ہیں ان میں دنیا جہان کی دفعات شامل کی گئی ہیں جو انتہائی افسوناک اور قابل مذمت اقدام ہے، جس سے مزید اشتعال پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا سے مذاکرات ہوسکتے ہیں تو اپنے لوگوں سے کیوں نہیں ہوسکتے؟ یہ مسئلہ آسانی سے حل ہوسکتا تھا اگر پاکستان تمام اسلامی ممالک میں قرارداد لاتا کہ اگر کسی ملک نے شان رسول میں گستاخی کی تو اس سے سفارتی تعلقات ختم کردئیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ لوگ کالز کررہے ہیں وہ جانیں دینے کو تیار ہیں ہم نے لوگوں کو روکا ہوا ہے، حکومت مذاکرات سے مسئلے کو حل کرے، نہتے لوگوں پر گولیاں برسا کر لاشیں گرانا غلط ہے، یہ کراس فائرنگ نہیں ہے، ملکی اداروں کے خلاف سازش نظر آرہی ہے، پاکستان کو بندگلی میں دھکیل کر انٹرنیشنل لابی کو موقع دیا جارہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ایٹمی ملک ہے جہاں پولیس اپنی عوام کو مار رہی ہے، ہمسایہ ملک میں مذاق اڑایا جارہا ہے، یہ ایک تحریک کا معاملہ نہیں ہے بلکہ امت مسلمہ کا معاملہ ہے۔ ایک دو دن میں سربراہی اجلاس بلا کر مسئلہ کا لائحہ عمل بنائیں گے، حکومت کو کون یہ راستہ دکھا رہا،؟ انڈیا کے ساتھ مذاکرات ہوسکتے ہیں مگر اپنی عوام سے مذاکرات نہیں ہوسکتے؟، جو گرفتاریاں ہورہی ہیں اہل سنت جماعت کے لوگ بھی لاپتہ ہورہے ہیں جو آج تک نہیں ہوا، ہم گلوبل ویلج میں رہ رہے ہیں پوری دنیا تشدد دکھا رہی ہے ہم میڈیا پر نہیں دکھا رہے، اس موقع پر جماعت اہل سنت پاکستان کے سربراہ سید مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ حکومت نے دانشمندی سے کام نہیں لیا، گھٹیا طریقے سے کام لیا، کسی بھی سیاسی جماعت کو دہشتگرد قرار دینا غلط ہے، حکومت نے غیرقانونی کام کیا ہے، حکومت کسی سیاسی جماعت کو کالعدم قرار نہیں دے سکتی، مدینہ کی ریاست میں انصاف اور قانون نہیں ہے، نہتے لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں، آج لاہور کا نقشہ سری نگر کا لگ رہا ہے، جلد تمام مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرس بلائیں گے۔ پریس کانفرنس میں علامہ رمضان شاہ فیضی، مولانا خادم رضوی، مولانا مطیع الرسول سعیدی بھی موجود تھے۔
 


خبر کا کوڈ: 927959

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927959/ٹی-ایل-پی-کیخلاف-حکومت-نے-دانشمندی-کی-بجائے-گھٹیا-طریقے-سے-کام-لیا-علامہ-مظہر-سعید-کاظمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org