QR CodeQR Code

لاہور، اہلسنت علماء کے وفد کی جیل میں سعد رضوی سے ملاقات، تصفیہ کرانے کی پیشکش

19 Apr 2021 20:05

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سعد رضوی نے اپنے مطالبات پیش کئے جس میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری، گرفتار تمام کارکنوں کی رہائی اور تحریک لبیک سے پابندی ہٹانے کا معاملہ شامل تھا۔ وفد نے سعد رضوی کو یقین دلایا کہ وہ حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کے بعد دوبارہ ملاقات کیلئے جیل آئیں گے اور اس ملاقات کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان تصفیئے کیلئے علمائے کرام متحرک ہو گئے۔ اہلسنت جماعتوں کے علماء نے آج کوٹ لکھپت جیل میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد رضوی سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنیوالے وفد کی قیادت سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کر رہے تھے۔ وفد کے دیگر ارکان میں صاحبزادہ حافظ حامد رضا سیالکوٹی، حفیظ اللہ علوی، غلام عباس فیضی، علامہ غوث بغدادی، جے یو پی کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، صاحبزادہ ناظم سیالوی، میاں جلیل احمد شرقپوری، خواجہ غلام قطب الدین، پیر خالد سلطان، پیر عبدالخالق اور حاجی امیر رضوی شامل تھے۔

رہنماوں نے حافظ سعد رضوی کیساتھ امن و امان کے حوالے سے حکومتی موقف پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ وفد نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی ہدایت پر سعد رضوی سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سعد رضوی نے اپنے مطالبات پیش کئے جس میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری، گرفتار تمام کارکنوں کی رہائی اور تحریک لبیک سے پابندی ہٹانے کا معاملہ شامل تھا۔ وفد نے سعد رضوی کو یقین دلایا کہ وہ حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کے بعد دوبارہ ملاقات کیلئے جیل آئیں گے اور اس ملاقات کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدر اور تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس ہونا مشکل ہے تاہم حکومت کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر فیصلہ کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 927973

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/927973/لاہور-اہلسنت-علماء-کے-وفد-کی-جیل-میں-سعد-رضوی-سے-ملاقات-تصفیہ-کرانے-پیشکش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org