QR CodeQR Code

ملک کی مذہبی و سیاسی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں، عمران خان

19 Apr 2021 12:12

مارگلہ ہائی وے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے دوسروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا مگر ہم خود نقصان اٹھاتے ہیں، میں انہیں واضح کر دوں کہ یہاں سب نبی اکرم ﷺ سے محبت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک کی بعض سیاسی و مذہبی جماعتیں بعض اوقات اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں اور اپنے ملک کو ہی نقصان پہنچا دیتی ہیں۔ مارگلہ ہائی وے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے دوسروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا مگر ہم خود نقصان اٹھاتے ہیں، میں انہیں واضح کر دوں کہ یہاں سب نبی اکرم ﷺ سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مقصد ایک ہے، پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہماری قوم اپنے دین اور اپنے نبی ﷺ سے محبت کرتی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ہمارے نبیﷺ کی شان میں گستاخی ہوتی ہے تو کیا حکومت کو تکلیف نہیں ہوتی، کس نے دلوں کو چیر کر دیکھا ہے کہ کسے زیادہ تکلیف ہوئی اور کسے کم۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کام کے لیے دنیا میں ایک مہم چلانے کی ضرورت ہے، ملک میں مظاہرے کر کے توڑ پھوڑ کر کے مغرب کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مسلمان ممالک کے سربراہان کو شامل کر کے ایک مہم چلائیں گے اس دباؤ کی وجہ سے یہ جو بار بار ہمیں تکلیف دی جاتی ہے اس میں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ہم اپنے ملک میں توڑ پھوڑ کرتے رہیں گے اس سے اس مسئلے کا کوئی حل نہیں نکلے گا، ہم جو مہم لائیں گے اس سے بڑی تبدیلی آئے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا یہ منصوبہ پرانا ہے تاہم اس پر کام نہیں کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 20 سالوں میں اسلام آباد کی آبادی ڈیڑھ گنا زیادہ بڑھی ہے، آبادی زیادہ بڑھنے کا مطلب انفرا اسٹرکچر بھی بڑھنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جتنی بارش ہوتی ہے اتنی ہی لندن میں بھی ہوتی ہے، اس شہر میں گرمی کم پڑتی ہے، ہریالی ہے اس لیے یہاں کے لوگ ماحولیات کی فکر کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ایسے تمام لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے ماحولیات کی فکر کی ہے تو وہ موجودہ حکومت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جب سے بنا ہے ہم نے صرف 60 کروڑ درخت لگائے تھے، ہم نے مزید جنگل بنانے کے بجائے انگریزوں کے بنائے جنگلوں کو بھی کاٹ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے کاٹنے کا سب سے بڑا اثر ماحولیاتی تبدیلی پر پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں گرمی بڑھتی جا رہی ہے اس کے بڑے اثرات سامنے آئیں گے اور پاکستان اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی آبادی بڑھتی جا رہی ہے اور اس رنگ روڈ سے اس شہر کے ٹریفک کا مسئلہ حل ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 928009

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/928009/ملک-کی-مذہبی-سیاسی-جماعتیں-اسلام-کو-غلط-استعمال-کرتی-ہیں-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org