QR CodeQR Code

نئی دہلی میں مکمل لاک ڈاؤن

19 Apr 2021 13:43

میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں انفیکشن کی شرح بڑھ کر تقریبا 30 فیصد ہو گئی ہے اور دہلی کے اسپتالوں میں بیڈ اور آئی سی یو کی بہت بڑی قلت پیدا ہو گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد 26 اپریل تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں انفیکشن کی شرح بڑھ کر تقریبا 30 فیصد ہو گئی ہے اور دہلی کے اسپتالوں میں بیڈ اور آئی سی یو کی بہت بڑی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ دہلی حکومت کے سب سے بڑے لوک نائک اسپتال میں نہ تو عام بستر اور نہ ہی آئی سی یو بستر خالی ہے۔ کورونا کے مریض تمام اسپتالوں میں کھڑے ہیں۔ اس صورتحال میں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے پیر کو لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل سے ملاقات میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ لاک ڈاؤن کے دوران نئی دہلی میں تمام مارکیٹیں بند رہیں گی اور ریستوران میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ ریلوے اسٹیشن، بس اسٹیشن ، ہوائی اڈے کے لیے مسافروں کو ٹکٹ دکھانا لازمی ہو گی۔حکومت کا کہنا ہے کہ اس دوران بغیر کسی ضروری کام کے باہر نکلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اتوار کو اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے اسپتالوں میں 100 کے قریب بستر باقی ہیں۔ تاہم اسپتالوں کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے بنکویٹ ہال اور اسپورٹس کمپلیکس میں بستروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی یہ دوسری لہر ہے جس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ چار روز سے روزانہ 2 لاکھ سے زائد کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 928023

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/928023/نئی-دہلی-میں-مکمل-لاک-ڈاؤن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org