QR CodeQR Code

ناموس رسالت کا تحفظ عالمی سطح پر قانون سازی میں ہے، طاہر اشرفی

19 Apr 2021 20:38

اپنے بیان میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ گزشتہ تین چار روز کے دوران پاکستان میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ناموس رسالت (ص) کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، ہر مسلمان عاشق رسول (ص) ہے اور کمزور سے کمزور مسلمان بھی رسول اکرم (ص) کی ناموس کی توہین برداشت نہیں کر سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علما کونسل کالعدم تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی تکمیل چاہتی ہے، ہمارا روز اول سے واضح موقف ہے کہ تشدد سے مسائل حل نہیں ہوتے، تشدد سے پاکستان اور اہل پاکستان کو نقصان ہوا ہے، پاکستان علما کونسل کسی بھی طرف سے تشدد کی حمایت نہیں کرتی، وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ناموس رسالت(ص) کے تحفظ کیلئے اقدامات میں ہر سطح پر تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت (ص) کے تحفظ کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی اور اقدامات ہی مستقل بنیادوں پر حل ہے۔

اپنے بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ گزشتہ تین چار روز کے دوران پاکستان میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ناموس رسالت (ص) کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، ہر مسلمان عاشق رسول (ص) ہے اور کمزور سے کمزور مسلمان بھی رسول اکرم (ص) کی ناموس کی توہین برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کا روز اول سے موقف ہے کہ تشدد سے مسائل حل نہیں ہوتے، پولیس اہلکاروں اور مظاہرین کی اموات افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کی تکمیل ہونی چاہیے، وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنی تقریر میں جو تجاویز دی ہیں ان کی تکمیل کیلئے اور عالمی سطح پر اقدامات اور قانون سازی کیلئے پاکستان کے علما و مشائخ ہر سطح پر حکومت سے تعاون کیلئے تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 928104

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/928104/ناموس-رسالت-کا-تحفظ-عالمی-سطح-پر-قانون-سازی-میں-ہے-طاہر-اشرفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org