QR CodeQR Code

روزہ تزکیہ نفس اور صبر و برداشت کا درس دیتا ہے، ثروت اعجاز قادری

19 Apr 2021 23:42

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ عوام کو جب بنیادی حقوق نہیں ملیں گے تو عوام سڑکوں پر مجبور ہوکر نکلیں گے، صحت، تعلیم، خوراک سے پریشان مظلوم عوام کی ثنوائی تک نہیں ہوتی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ماہ صیام رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، روزہ تزکیہ نفس اور صبر و برداشت کا درس دیتا ہے، ظلم کے سیاہ بادل ہٹانے اور روشن مستقبل کیلئے اخوت و بھائی چارگی کو فروغ دینا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام کو جب بنیادی حقوق نہیں ملیں گے تو عوام سڑکوں پر مجبور ہوکر نکلیں گے، صحت، تعلیم، خوراک سے پریشان مظلوم عوام کی ثنوائی تک نہیں ہوتی، سرمایہ دارانہ، وڈیرانہ نظام کا خاتمہ کرکے ہی عوام کو بنیادی حقوق میسر ہو سکتے ہیں، حکمرانوں نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان مبارک میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے پرائز کنٹرول اور ضلعی انتظامیہ کے بلند بانگ دعوے دھرے رہ گئے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جمہوریت کو غیر مستحکم ہونے نہیں دینگے، حکمران آمرانہ روش بدل کر جمہوری سوچ اپنائیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے باطل نظریات کو عوام مسترد کر چکے ہیں، سیاست خادم بن کر عوام کی خدمت اور مسائل حل کرنے کا نام ہے، سیاستدان عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام اکائیوں کو متحد و منظم ہونا ہوگا، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، یہود و نصاریٰ اسلام کے قلعے کو کمزور کرنے کے درپے ہیں، محب وطن عوام یہود و نصاریٰ کی ہر سازش کو اپنے شعور سے ناکام بنا دینگے۔


خبر کا کوڈ: 928138

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/928138/روزہ-تزکیہ-نفس-اور-صبر-برداشت-کا-درس-دیتا-ہے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org