0
Wednesday 17 Aug 2011 23:53

یوم شہادت علی (ع) کے جلوس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل، چار ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، سی سی پی او لاہور

یوم شہادت علی (ع) کے جلوس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل، چار ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، سی سی پی او لاہور
لاہور:اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس چیف احمد رضا طاہر نے یوم شہادت حضرت علی (ع) کے موقع پر نکالے جانے والے مجوزہ جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور روٹ کا جائزہ لیا، جبکہ لاہور پولیس کے افسران اور اہلکاران کو سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ رہنے اور اپنے فرائض تندہی کے ساتھ سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز غلام محمود ڈوگر اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی سی پی او لاہور احمد رضا طاہر کی یوم شہادتِ علی (ع) کے موقع پر کیے جانے والے امن وامان کے حوالے سے انتظامات کے ضمن میں بیک گراؤنڈ کے طور پر پہلے ہی اہلِ تشیع اکابرین، امن کمیٹیوں، محلہ کمیٹیوں اور لاہور کے تاجران حضرات سے تفصیلی میٹنگز ہو چکی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جلوس کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے سلسلہ میں خفیہ ایجنسیز کے ساتھ بھی ضروری تبادلہِ معلومات کیا جا چکا ہے۔
مزید برآں واسا اور واپڈا سے قریبی تعاون، جبکہ قریبی ہسپتالوں اور ریسکیو 1122 کے ساتھ کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے ایمولنسوں کو تیار حالت میں رکھنے کیلئے بات چیت بھی مکمل ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جلوس کے روٹ پر واقع بلڈنگز کے مالک حضرات اور دکانداروں سے دستخطی سٹریفکیٹ لیے گئے ہیں جس میں ان سے عہد لیا گیا ہے کہ ان بلڈنگز سے امن عامہ میں نقص پھیلانے والی کوئی حرکت نہیں ہو گی۔
اپنے ایک حکم میں سی سی پی او نے لاہور پولیس کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اس سال یوم علی(ع) کے موقع پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے اور جلوس کے مقررہ راستوں میں بند دکانوں اور مکانات کی تلاشی لی جائے۔ سی سی پی او نے کہا کہ شرکاء کو میٹل ڈی ٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ سے چیک کیا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے لاہور پولیس اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔
احمد رضا طاہر نے حضرت علی (ع) کے یوم شہادت کے موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی کے سخت ترین اور فول پروف انتظامات کے ساتھ جلوسوں کے مقررہ راستوں سے کوڑے کے کنٹینرز ہٹانے، بند دکانوں اور مکانات کی تلاشی، شرکاء کو میٹل ڈی ٹیکٹر اور واک تھروگیٹ سے چیک کرنا اور مشکوک افراد اور کھڑی موٹر سائیکلوں پر کڑی نظر رکھنے کا بھی حکم دیا۔ سی سی پی او نے لاہور پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے۔
سی سی پی او نے سخت وارننگ دی کہ یوم شہادت علی (ع) کے موقع پر کسی بھی افسر یا اہلکار کی ڈیوٹی سے غفلت اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ احمد رضا طاہر نے عوام الناس سے یہ بھی درخواست کی کہ ان کو کسی بھی مشکوک چیز یا مشکوک افراد پر جب بھی شک گزرے تو وہ اس کی فوراً اطلاع ایمرجنسی 15، قربان کنٹرول: 99200269 یا ٹریفک کنٹرول 99201910پر دیں، ان کی ہر خفیہ اطلاع ملک و قوم اور اپنے شہر کی بہت بڑی خدمت ہو گی، جبکہ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
دیگر ذرائع کے مطابق اکیسویں رمضان المبارک کو حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اس روز چار ہزار کے قریب پولیس اہلکار جلوس کے راستوں پر ڈیوٹی انجام دیں دینگے۔ سی سی پی او لاہور احمد رضا طاہر نے شعیہ تنظیموں اور امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ جلوس کے مقررہ روٹ کا دورہ کیا۔ اندرون شہر موچی گیٹ سے برآمد ہونے اور بیرون بھاٹی گیٹ کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہونے والے جلوس شبہیہ تابوت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر جلوس کے مقررہ راستوں پر میٹل ڈٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس سے عزاداروں کو چیک کرنے کے علاوہ مشکوک افراد پر کڑی نظر بھی رکھی جائے گی۔ سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس اور دیگر امدادی محکمے روٹ پر اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔ اس روز محکمہ واپڈا کی طرف سے جلوس کے مقررہ راستوں پر لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔ سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیکنگ کی جائے گی۔ راستے پر لگی سبیلوں کی خاص چیکنگ کی جائے گی اسکے علاوہ قومی رضاکار، امامیہ اسکاوٹس، جعفریہ یوتھ اور حیدریہ اسکاوٹس کے کارکن بھی ڈیوٹیاں دیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 92814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش