QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کی کالعدم تحریک لبیک کے زخمیوں کے مفت علاج کی پیشکش

20 Apr 2021 09:55

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ کالعدم تحریک لبیک کے مرکز کا دورہ کیا اور تحریک لبیک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کے معاملے میں جماعت اسلامی تحریک لبیک کیساتھ ایک پیج پر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پیر کی رات تحریک لبیک پاکستان کے مرکز جامعہ مسجد رحمت اللعالمین کا دورہ کیا۔ جماعت اسلامی کے قائدین لیاقت بلوچ، امیرالعظیم ، ڈاکٹر فرید پراچہ، میاں مقصوداحمد ، قیصر شریف اور برہان الدین عثمانی ان کے ہمراہ تھے۔ امیر جماعت اور وفد نے ٹی ایل پی کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی،  چوک یتیم خانہ میں پولیس تصادم کے نتیجہ میں زخمی افراد کی عیادت کی اور جان بحق ہونے والوں کے لیے دعا مغفرت کی۔ سراج الحق نے ٹی ایل پی کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے زیرانتظام تمام ہسپتال زخمیوں کے مفت علاج کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں۔

انہوں نے ٹی ایل پی کی قیادت کو یقین دلایا کہ تحفظ ناموس رسالت کے مسئلہ پر جماعت اسلامی مکمل طور پر آپ کے ساتھ ہے۔ تحفظ ناموس رسالت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں مظاہرین کے خلاف بلاجواز طاقت کے استعمال اور پولیس کی جانب سے ان پر سیدھی گولیاں چلانے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس مطالبہ کو دہرایا کہ حکومت فرانس کے سفیر کو نکالے، ٹی ایل پی پر عائد پابندی ختم کرے اور تمام قیدیوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ سراج الحق نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 928193

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/928193/جماعت-اسلامی-کی-کالعدم-تحریک-لبیک-کے-زخمیوں-مفت-علاج-پیشکش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org