0
Tuesday 20 Apr 2021 17:49

کراچی میں کاروباری اوقات میں نرمی کا امکان

کراچی میں کاروباری اوقات میں نرمی کا امکان
اسلام ٹائمز۔ عید سیل سیزن کے دوران کورونا پابندیاں نرم کرنے کیلئے کراچی چیمبر آف کامرس میں برسر اقتدار بی ایم جی کے سربراہ اور حکومت سندھ کے درمیان ابتدائی مذاکرات میں متعدد امور پر اتفاق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے دوسرے عشرے سے شہر بھر کے تجارتی مراکز میں کاروبار میں نرمی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس ضمن میں بی ایم جی کے چیرمین زبیر موتی والا نے بتایا کہ شہر کراچی کے اسمال ٹریڈرز کی جانب سے کاروباری اوقات و ایام بڑھانے اور پابندیوں میں نرمی کیلئے کراچی چیمبر پر دباؤ مسلسل  بڑھ رہا تھا، لہٰذا منگل کو انہوں نے صوبائی وزراء مرتضیٰ وہاب اور سعید غنی سے باضابطہ رابطہ کیا۔

زبیر موتی والا نے بتایا کہ عید سیزن میں چھوٹے تاجروں کی سرمایہ کاری کو ڈوبنے سے بچانے پر حکومتی نمائندوں نے اتفاق کیا اور وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے ساتھ 15ویں روزے سے کراچی میں کاروبار کے اوقات کار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اسی طرح دونوں وزراء کی جانب سے کاروبار کی دو روزہ بندش میں بھی ایک دن کی کمی پر اتفاق کیا گیا۔ تاجر نمائندے تمام مارکیٹوں اور بازار میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کرائیں گے، جس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے یومیہ بنیادوں پر مانیٹرنگ ہوگی۔ زبیر موتی والا نے بتایا کہ دونوں صوبائی وزراء وزیراعلیٰ سندھ کو تفصیلی بریفنگ دیں گے اور ان سے مشاورت کے بعد تاجر نمائندوں کے ساتھ حتمی مذاکرات کریں گے، جس میں کورونا ایس او پیز کے تناظر میں نرمی لانے کے اقدامات پر فیصلے ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 928310
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش