0
Thursday 18 Aug 2011 16:22

اسرائیل لبنان میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانا چاہتا یے، سید حسن نصراللہ

اسرائیل لبنان میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانا چاہتا یے، سید حسن نصراللہ
اسلام ٹائمز- العالم نیوز چینل کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل جناب سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم لبنان میں شیعہ، سنی اور شیعہ، عیسائی اور شیعہ، دروزی اختلافات کو ہوا دے کر خانہ جنگی شروع کروانا چاہتی ہے۔ وہ کل رات افطار پارٹی کے بعد شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی ان سازشوں کا مقصد اسلامی مزاحمت حزب اللہ کی توانائیوں کو ملک کے اندر مشغول کرنا ہے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ اگرچہ حزب اللہ لبنان شیعہ مسلمانوں کے ساتھ منسوب ہے لیکن لبنان کے تمام عوام چاہے وہ جس مذہب یا قبیلے سے تعلق رکھتے ہوں اسکی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مختلف مذاہب اور قبائل کے افراد میں کینہ اور دشمنی پیدا کر کے ملک میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانا چاہتا ہے جسکا مقابلہ کرنے کیلئے سب کو چاہئے کہ وہ ہوشیاری کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کا اصلی ہدف لبنان ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے یہ تاکید کرتے ہوئے کہ دشمن کے مقابلے میں مزاحمت جدوجہد اور فداکاری کے بغیر ممکن نہیں کہا کہ اگر کوئی قوم قابض دشمن سے اپنی سرزمین کو واپس لینے کا ارادہ کر لے تو اسے چاہئے کہ فداکاری کا راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملت لبنان کی فداکاری انتہائی عظیم اور باارزش ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ اس فداکاری میں تمام لبنانی قوم، اسلامی مزاحمت، فوج، سیکورٹی فورسز اور عوام برابر کے شریک ہیں اور صرف حزب اللہ لبنان کے ساتھ مخصوص نہیں۔
سید حسن نصراللہ نے حزب اللہ لبنان کے خلاف عالمی سطح پر امریکہ و اسرائیل کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا قصور صرف یہ ہے کہ ہم نے اپنی سرزمین کی آزادی اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے جدوجہد کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں اور حزب اللہ لبنان کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 92833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش