0
Wednesday 21 Apr 2021 18:15

شاہ محمود قریشی کی ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم 

شاہ محمود قریشی کی ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم 
اسلام ٹائمز۔ ایران نے پاکستان کیساتھ تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں کی استواری اور سرحدی انتظام (باڈر مینجمنٹ) میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو تہران میں ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے۔ قبل ازیں صدارتی محل آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صدر روحانی اور برادر ایرانی قوم کے لئے نیک تمناوں اور خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی قیادت، کشمیری مسلمانوں کے نکتہ نظر کی مسلسل حمایت پر ایرانی سپریم لیڈر عزت مآب آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور صدر روحانی کی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیر خارجہ نے ایرانی صدر سے پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں مشترک تاریخ، ثقافت، مذہب اور زبان پر مبنی خوشگوار قریبی اور مضبوط تعلقات استوار ہیں۔ ہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں برادر ملک ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔ صدر حسن روحانی نے ایران کی جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں کی استواری اور سرحدی انتظام (باڈر مینجمنٹ) میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے ایرانی عزم کا اعادہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 928501
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش