QR CodeQR Code

حکومت نے کالعدم تنظیم سے معاہدہ کر کے پولیس فورس کی قربانیوں کی بے عزتی کی

22 Apr 2021 13:32

سینئر پولیس عہدیداران کا کہنا ہے کہ حکومت کے فیصلے نے کالعدم گروہ کو ایک پیغام دیا کہ ریاست کبھی بھی کسی بھی دباؤ پر کوئی اقدام واپس لے سکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب پولیس کی سینئر کمانڈ حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مابین ہونے والے معاہدے پر پریشان نظر آتی ہے اس اس معاہدے کو  قبل از وقت اور غیر ضروری معاہدہ بھی قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق کچھ سینئر عہدیداران کا کہنا تھا کہ حکومت کے فیصلے نے نہ صرف پولیس فورس کا مورال کم کیا ہے بلکہ اس قسم کے گروہ کو ایک پیغام بھی دیا کہ ریاست کبھی بھی کسی بھی دباؤ پر کوئی اقدام واپس لے سکتی ہے۔ پولیس افسران نے خبردار کیا کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ہزاروں کارکنان کو بغیر سزا دیے رہا کرنا آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کے لیے تباہ کن ہو گا۔ اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کے افسران نے الزام عائد کیا کہ اس معاہدے نے پولیس فورس کی قربانیوں کی بے عزتی کی جو ہمیشہ قربانی کے بکرے کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک کے بعد ایک حکمران پولیس کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔

حکومت اور ٹی ایل پی معاہدے کے تناظر میں ایک سینیئر پولیس افسر نے بغیر لگی لپٹی رکھے کہا کہ پہلے پولیس فورس لانچ کی جاتی ہے اور پھر اس کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی سینیئر کمانڈ نے (بہت سے رسمی اور غیر رسمی اجلاسوں) میں حکومت کی جانب سے ٹی ایل پی کارکنان کو رہا کرنے کے معاہدے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ بالخصوص پنجاب پولیس کے افسران نے اسوقت ردِعمل دیا کہ جب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے معاہدے کی تفصیلات بتاتے ہوئے اس سلسلے میں ایک ویڈیو جاری کی۔ ویڈیو بیان میں وزیر نے کہا تھا کہ حکومت نئے پرانے فورتھ شیڈول کے تمام کارکنان کو رہا کرنے پر رضامند ہو گئی ہے۔ پولیس عہدیدار کے مطابق ٹی ایل پی کی جانب سے احتجاج، دھرنے کی کال کے نتیجے میں ان کے حامیوں نے پنجاب بھر میں 115 مقامات یا سڑکیں بند کی تھی جس میں لاہور کے 22 مقامات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک کے سوا دیگر تمام دھرنوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بغیر خون خرابے کے جڑ سے اکھاڑ پھینکا، بلا شبہ اس قسم کے بڑے احتجاج کا نتیجہ سیکڑوں زخمیوں کی صورت میں نکلتا ہے۔ تاہم فرائض کی انجام دہی میں 4 پولیس اہلکاروں نے اپنی زندگیاں قربان کیں جبکہ دیگر ایک ہزار زخمی ہوئے۔

صوبے بھر میں ٹی ایل پی کارکنان نے متعدد پولیس کی گاڑیاں جلائی گئیں، عمارتوں پر حملہ ہوا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد کیا گیا۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ 18 اپریل کو "شرپسندوں" نے نواں کوٹ پولیس اسٹیشن پر حملہ کر کے پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو زخمی اور اغوا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گھناؤنے جرائم کی سینکڑوں ایف آئی آرز درج کی گئیں لیکن حکومت پولیس فورس کی حالت زار سے بے نیاز نظر آتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست نے ایک غیر منطقی معاہدہ کر کے ہماری پولیس فورس کو کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں کے سامنے پھینک دیا ہے، اس سے زیادہ ظلم اور استحصال کیا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 928633

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/928633/حکومت-نے-کالعدم-تنظیم-سے-معاہدہ-کر-کے-پولیس-فورس-کی-قربانیوں-بے-عزتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org